عمران اور بشریٰ کی گرفتاری کیخلاف نیا بینچ تشکیل ،آج سماعت

 عمران اور بشریٰ کی گرفتاری  کیخلاف نیا بینچ تشکیل ،آج سماعت

اسلام آباد، لاہور (اپنے نامہ نگار سے ، خبر نگار سے )اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری ٰبی بی کی گرفتاری کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دے دیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ڈویژن بینچ آج سماعت کرے گا،جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے موسم گرما کی تعطیلات پر جانے کے باعث اب وہ ڈویژن بینچ کیس سننے کے لیے دستیاب نہیں اس لیے نیا بینچ تشکیل دیا گیا ہے جوآج سماعت کرے گا۔بانی پی ٹی آئی نے نیب، ایف آئی اے ، اینٹی کرپشن اور پولیس میں درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ، بانی پی ٹی آئی نے سردار لطیف کھوسہ کی وساطت سے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں نیب، ایف آئی اے سمیت دیگر فریق کو بنایا گیا ہے ، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ تمام مقدمات میں ضمانت ملنے پر رہائی کے قریب نیب نے دوبارہ گرفتار کر لیا، درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ متعلقہ عدالت سے رجوع سے پہلے کسی بھی نئے مقدمے میں گرفتاری روکنے کا حکم دے ۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے تھانہ کھنہ میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج دو مقدمات میں بانی پی ٹی آئی ،شاہ محمود قریشی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران جج طاہر عباس سپرا نے استفسار کیاکہ شاہ محمود قریشی سزا یافتہ قیدی ہیں کون سی جیل میں ہیں؟جس پر وکیل نے بتایاکہ شاہ محمود قریشی سزا یافتہ نہیں لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں، جج طاہر عباس سپرا نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ ملزموں کو ویڈیو لنک کے ذریعے آئندہ سماعت پر عدالت پیش کیا جائے عدالت نے کیس کی سماعت 7 ستمبر تک کیلئے ملتوی کر دی۔ادھر بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل میں دھکے مارنے اور بدتمیزی کرنے کے خلاف درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کردی ۔بشریٰ نے درخواست اپنے وکیل کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی۔درخواست میں آئی جی جیل خانہ جات سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں