تمام تقسیم کار کمپنیاں اووربلنگ میں ملوث، رپورٹ نیپرا کو پیش

تمام تقسیم کار کمپنیاں اووربلنگ  میں ملوث، رپورٹ نیپرا کو پیش

اسلام آباد (نامہ نگار ، نمائندہ دنیا) بجلی صارفین کو زائد بل موصول ہونے کے معاملے پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے افسران نے اپنی رپورٹ مرتب کر کے اتھارٹی کو پیش کر دی۔رپورٹ کے مطابق اپریل تا جون 2024 میں اوور بلنگ کی گئی ۔

 تمام تقسیم کار کمپنیاں بشمول کے الیکٹرک اوور بلنگ میں ملوث پائی گئی ہیں ، نیپرا نے تمام تقسیم کار کمپنیوں بشمول کے الیکٹرک سے اوور بلنگ کے معاملے پر وضاحت طلب کر لی اور تمام ہدایات کی تعمیل کی رپورٹ تیس دنوں کے اندر جمع کرانے کا حکم جاری کر دیا، ترجمان نیپرا کے مطابق اتھارٹی نے رپورٹ کی روشنی میں تقسیم کار کمپنیوں بشمول کے الیکٹرک کو ہدایات جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ نیپرا نے ہدایات جاری کی ہیں کہ اپریل 2024 سے جون 2024 کے دوران مقررہ بلنگ مہینوں سے کم ریڈنگز کے لیے تناسب کی بنیاد پر وصول کیے گئے صارفین کو ریکارڈ شدہ اصل یونٹس کے ساتھ ایڈجسٹ کیا جائے ،مقررہ بلنگ مہینے سے کم ریڈنگ کے لیے تناسب کی بنیاد پر وصول کیے گئے صارفین جو بل ادا نہیں کر سکے ان پر لیٹ پیمنٹ سرچارج (ایل پی ایس) نہیں لگایا جائے گا اور جن صارفین نے ایل پی ایس کے ساتھ بلوں کی ادائیگی کی انہیں بھی ایڈجسٹ کیا جائے ۔اوسط بلنگ سے بچنے کے لیے فوری طور پر خراب میٹروں کو تبدیل کیا جائے ، تمام ڈسکوز بشمول کے الیکٹرک کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ میٹر ریڈنگ میں کنزیومر سروسز مینوئل کی شقوں پر عمل کریں اور تمام ہدایات کی تعمیل کی رپورٹ تیس (30) دنوں کے اندر جمع کرائی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں