130ارب ڈالرقرض کی پریشانی نہیں :نائب وزیراعظم

130ارب ڈالرقرض کی پریشانی نہیں :نائب وزیراعظم

اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہاہے کہ ملک کے اندر اور باہر کچھ عناصر پاکستان کو ڈیفالٹ کرانا چاہتے تھے لیکن مایوسی پھیلانے والے سن لیں، پاکستان کبھی دیوالیہ نہیں ہوگا۔

لوگوں کو ڈرانے کی ضرورت نہیں، پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، اگر پاکستان پر 130 ارب ڈالر کا غیر ملکی قرضہ ہے تو پریشان نہ ہوں ملکی معیشت میں بہت صلاحیت ہے ، فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، صرف رکاوٹیں دور کرنے کی ضرورت ہے ، ترقی کے سفرمیں آنے والے سپیڈبریکرز کو ختم کرنا ہوگا۔ اسلام آباد میں ایس ای سی پی ہیڈآفس بلڈنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا حکومتی اقدامات سے مہنگائی 30سے 12فیصد پر آگئی، معاشی ترقی کے مواقع موجود ہیں، ملک سے منفی رویے کو ختم کرنا ہوگا، قومی مفاد میں آپ کو سڑکوں کی بندش کوختم کرناہوگا۔ وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب کااپنے خطاب میں کہنا تھا کہ معیشت میں کردار کیلئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ حکومت ایسے کاروبار میں شامل نہیں ہوگی جو نجی شعبہ کرتا ہے ، دوست ملکوں سے امداد نہیں سرمایہ کاری چاہتے ہیں ، آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ اگست کے اخری ہفتے میں ہو سکتا ہے ، چین کے ساتھ پانڈا بانڈز کے لیے بات چیت جاری ہے ، معیشت کیلئے اچھی خبریں آناشروع ہوگئیں، فچ نے ریٹنگ بہترکردی، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ جلد7 ارب ڈالر پروگرام کی منظوری دے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں