مقدمات کی تفصیلات : عمران خان کی درخواست مقرر

 مقدمات کی تفصیلات : عمران خان کی درخواست مقرر

لاہور، اسلام آ باد (کورٹ رپورٹر، اپنے نامہ نگار سے )لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست پیر کو مقرر کرنے کی ہدایت کر دی ۔

 دو رکنی بینچ نے جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں کیس پر سماعت کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کر دیا رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراض عائد کیا تھا کہ موجودہ درخواست لاہور ہائی کورٹ پرنسپل سیٹ پر دائر نہیں کی جا سکتی، درخواست متعلقہ فورم کے روبرو دائر کی جائے ،بانی پی ٹی آئی نے لطیف کھوسہ کی وساطت سے درخواست دائر کی درخواست میں نیب، ایف آئی اے ، اینٹی کرپشن اور پولیس کو فریق بنایا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل میں دھکے دینے اور بدتمیزی کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کردیا اور درخواست کو آج سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ ادھراسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ڈویژن بینچ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کے خلاف درخواست پرنیب کو جواب کیلئے نوٹس جاری کردیا۔وکیل انتظار پنجوتا نے موقف اختیار کیاکہ پہلے توشہ خانہ میں سزا ہو چکی اسی پر اب نیا کیس بنا دیا گیا،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ وہ کیس صرف گرافٹ جیولری کی حد تک تھا،آپ بھی اپنی نیک نیتی ثابت کریں،نیب نے آپ سے پہلے بھی جیولری سیٹ مانگا تھا لیکن آپ نے نہیں دیا،اب بھی آپ تحائف پیش نہیں کر رہے ،آپ خود بہت رسکی کام کر رہے ہیں،عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کر کے 8 اگست تک جواب طلب کر لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں