اسماعیل ہانیہ کی شہادت: حکومت کا کل ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر جمعہ کو ملک بھر میں یوم سوگ منانے اور غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم کی زیرِ صدارت نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے مظالم پر حکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس کا اعلامیہ جاری کر دیاگیا۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، استحکام پاکستان پارٹی، مسلم لیگ ق، مسلم لیگ ضیاء، نیشنل پارٹی کے سربراہان و سینئر نمائندے شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: نیتن یاہو درندگی کررہا، اسماعیل ہانیہ کو شہید کرکے عالمی قوانین کو روندا گیا: وزیراعظم

اجلاس میں شرکاء نے مشترکہ طور پر فلسطین میں 9 ماہ سے نہتے لوگوں پر جاری اسرائیلی ظلم پر غم و غصے کا اظہار کیا، اسرائیلی مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہوئے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا، اجلاس میں گزشتہ روز تہران میں حماس کے لیڈر اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا گیا۔

شرکاء نے اتفاق کیا کہ یہ واقعہ فلسطینیوں پر جاری ظلم بند کرنے اور خطے میں امن کے قیام کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ سازش ہے، ایسے واقعات دنیا کے امن کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں مزید کشیدگی کی فضا کو ہوا دیتے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے فلسطین میں جاری اسرائیل کے ریاستی ظلم کو امت مسلمہ کے لیے المیہ قرار دیا، اجلاس میں پُرزور مطالبہ کیا گیا کہ نہتے فلسطینیوں کی فوری طور پر انسانی ہمدردی کے تحت امداد تک رسائی یقینی بنائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ شہید کی تہران میں نماز جنازہ ادا

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پاکستان فلسطین کو امدادی سامان کی ترسیل جاری رکھے گا اور مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کی طبی امداد کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے گا جس کے تحت فلسطینی زخمیوں کو علاج و معالجے کیلئے پاکستان لایا جائے گا، فلسطینی میڈیکل طلبہ کو اپنی تعلیم جاری رکھنے کیلئے پاکستان کے میڈیکل کالجز میں امدادی بنیادوں پر داخلہ دیا جائے گا۔

اجلاس نے فلسطینی بہن بھائیوں سے یکجہتی اور اسرائیلی ظلم کی دوٹوک مذمت کے طور پر کل دو اگست کو پاکستان بھر میں یوم سوگ منانے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسماعیل ہانیہ کے قتل کا جواب صحیح وقت اور صحیح جگہ پر دینگے: ایرانی سپیکر

اجلاس میں نماز جمعہ کے بعد پورے ملک میں اسماعیل ہانیہ شہید کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور پارلیمنٹ میں فلسطین کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار کیلئے ایک خصوصی قرارداد پیش کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں