ناروے فٹبال کپ: قومی سٹریٹ چائلڈ ٹیم کی پری کوارٹر فائنل میں انٹری

اوسلو: (دنیا نیوز) ناروے فٹبال کپ کی انڈر 17 کیٹیگری میں پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، پاکستانی کھلاڑیوں نے راؤنڈ آف 32 کا میچ جیت کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

ناروے کپ میں پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے گروپ میں ناقابل شکست رہنے کے بعد پلے آف میں بھی کامیابی کے ساتھ مہم جاری رکھی اور پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

راؤنڈ آف 32 کے میچ میں پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے ناروے کے شارلٹن لنڈ کلب کوپانچ صفر سے شکست دی۔

پاکستانی کھلاڑیوں نے پہلے ہاف میں ایک اور دوسرے ہاف میں چار گول کیے، سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کی جانب سے کاشف نے2، عبید اللہ، اویس اور محمد عیسیٰ نے ایک ایک گول سکور کیا۔

پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کی فتح کے بعد ناروے میں پاکستانی کمیونٹی نے جشن منایا، پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم پری کوارٹر فائنل میچ آج رات کھیلے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں