ایکس کی بحالی حکومت کے حکم سے مشروط ہے: چیئرمین پی ٹی اے

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کا کہنا ہے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی بحالی حکومت کے حکم سےمشروط ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ کا اجلاس رانا محمود الحسن کی زیر صدارت ہوا جس میں چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان کی جانب سے انٹرنیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن کے معاملات پر بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ حکومت جب کہے گی ایکس (سابق ٹوئٹر) کھول دیں گے، ملک میں 56 فیصد آبادی کے پاس انٹرنیٹ ہے، سیٹلائٹ پالیسی مکمل ہو گئی ہے، فائیو جی نیلامی اگلے برس مارچ اپریل میں ہونے کا امکان ہے، ہم نے محرم، 9 مئی اور الیکشن سمیت گزشتہ سال 4 مرتبہ موبائل سروس بند کی۔

چیئرمین کمیٹی رانا محمود الحسن نے پوچھا سوشل میڈیا پر بین الاقوامی اشتہار آجاتے ہیں، کیا وہ ٹیکس دیتے ہیں؟ جس پر چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ اس وقت اس حوالے سے کوئی قانون سازی نہیں ہے۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا انٹرنیشنل سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک اور انسٹاگرام کے ساتھ اس حوالے سے مذاکرات کر رہے ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، ساری دنیا میں اس پر ٹیکس ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں