ادارے بہترین کارکردگی سے عوام کیلئے آسانیا ں پیدا کرینگے:مریم نواز
لاہور(دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہاہے کہ چند گھنٹے میں لاہور شہر سے بارشی پانی کی نکا سی شاندار کارکردگی ہے ، واسا اور دیگر اداروں نے عوام کی سہولت کے لئے جانفشانی سے کام کیا۔
امید ہے ہمارے ادارے بہترین کارکردگی سے عوام کیلئے ہمیشہ آسانیاں پیدا کریں گے ۔وزیراعلیٰ کی جانب سے جاری ہونیوالے ایک بیان میں انہوں نے لاہور میں ریکارڈ بارش کے بعد انتظامیہ کی ریکارڈ بہترین کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں نکاسی آب کا عمل مکمل کرنے پر شاباش دی،وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر،واسا حکام اور اہل کاروں کو سراہا۔ مریم نواز شریف نے شدید بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے ،چھتیں گرنے کے واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ۔انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہارکیا اور ہدایت کی کہ چھتیں گرنے سے زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔وزیراعلیٰ نے اپنے پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال کے والدمحترم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے ۔