آج اور کل شدیدبارش،برساتی ندی نالو ں میں طغیانی کا خدشہ
اسلام آباد ،لاہور(اپنے رپورٹرسے ،مانیٹرنگ ڈیسک)شدید بارشوں کے باعث آج اور کل مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر سمیت دیگر علاقوں کے بر ساتی ندی نالوں اور ڈیر غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی جبکہ گوجرانوالہ، لاہور، شیخو پورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال ، نوشہرہ،پشاور اورسندھ کے کئی نشیبی علا قے زیر آب آنے کاخدشہ ہے ،اس حوالے سے وارننگ جاری کردی گئی ہے ۔
خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں ، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت بھی متاثر ہوسکتی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج سندھ، شمال مشرقی،جنوب مشرقی بلوچستان،کشمیر، پنجاب ، خطۂ پوٹھوہار ،اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ، جنو ب مشرقی بلوچستان،بالائی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد ، خیبر پختونحوا اور کشمیر میں موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مون سون بارش کا سسٹم اب بھی موجود ہے اورمون سون کی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے 6 اگست تک جاری رہنے کی توقع ہے ۔ ایک روز قبل کی بارش کے بعد لاہورکی مین شاہراہوں کو پانی سے کلیئر کردیا گیا جبکہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے طوفانی بارش سے متاثر 410فیڈرزسے بجلی کی سپلائی مکمل طور پر بحال کردی ہے ۔محکمہ موسمیات نے 6 اگست تک بلوچستان کے 22 اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی ہے ۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ان اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔