سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے پر عملدرآمد ہونا لازم:کنوردلشاد
اسلام آباد (آئی این پی )سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے پر عملدرآمد ہونا لازمی ہے ۔
وفاقی وزرا کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبصرہ نہیں کرنا چاہیے ، وفاقی وزرا سپریم کورٹ کے فیصلے پر رائے زنی کرکے آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کنور دلشاد نے کہا کہ یہ سپریم کورٹ، الیکشن کمیشن اور سنی اتحاد کا معاملہ ہے ، وہ اپنا فیصلہ کرتے رہیں، وفاقی حکومت کو مداخلت نہیں کرنی چاہیے ۔سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا کہ مخصوص نشستوں کا سپریم کورٹ کا فیصلہ اکثریتی ہے ، آئین و قانون کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنا پڑتا ہے ۔ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ میں چلا گیا ہے تو سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کریں، یہ ایک پیچیدہ مسئلہ بن گیا۔ سینیٹ میں خیبر پختونخوا کی 11 نشستیں خالی ہیں، وہاں کا سینیٹ نامکمل ہے ، قومی اسمبلی میں خواتین کی نشستیں ملنے پر اہم تبدیلی آرہی ہے ، ان سارے معاملات پر سپریم کورٹ کو از سر نو دوبارہ فیصلہ کرنا پڑے گا۔