یوم شہدا:سول وعسکری قیادت کا بہادر پولیس افسروں، اہلکاروں کو سلام
اسلام آباد،لاہور ( نامہ نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک) پولیس کے شہید افسروں اوراہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھرمیں گزشتہ روز یوم شہدا پولیس منایا گیا،مختلف شہروں میں تقاریب کا اہتمام کیاگیااور سول وعسکری قیادت نے بہادر افسروں اور اہلکاروں کو سلام پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغا م میں کہا کہ یوم شہدا پولیس ، بہادر پولیس افسروں اور اہلکاروں کی جرات اور بہادری کو یاد کرنے کا دن ہے ۔صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ قوم کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی بے مثال جرات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پولیس ٹریننگ کالج لاہور میں یوم شہدا پولیس کی مرکزی تقریب ہوئی ،جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،شہدا پولیس کے اہل خانہ کی بڑی تعداد بھی تقریب میں شریک تھی، ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین تعلیمی کارکردگی کے حامل شہدا پولیس کے بچوں میں 65 لیپ ٹاپس تقسیم کئے اوربائیسکلز سمیت دیگر تحائف دئیے گئے ۔ شہدا پولیس کے بچوں اور اہلخانہ نے شہدا کی یاد میں نظمیں اور ٹربیوٹ مضامین پیش کئے ۔ راولپنڈی میں یادگار شہدا پر پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سینئر پولیس افسروں اور چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی۔
اسلام آباد پولیس لائنز میں یادگارشہداپر سیکرٹری داخلہ خرم آغا نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔اسلام آباد میں موٹر وے پولیس ہیڈ کوارٹر میں بھی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔کراچی میں ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے یاد گار شہدا پر سلامی دی۔کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سنٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پولیس کے جوانوں نے فرض کی ادائیگی میں لازوال قربانیاں دیں، ان کی غیر متزلزل لگن، بے لوث ہمت اور قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مسلح افواج ان شہیدوں کو یاد کرتی ہے جنہوں نے اپنے پسینے اور خون سے قوم کی حفاظت کی، ان کی عظیم اور بے لوث خدمات نے قوم کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ ہم شہدا کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن طریقے سے ان کی حمایت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ پولیس کے شہدا کے ساتھ اپنی یکجہتی کے اظہار کیلئے فوجی افسروں اور دستوں نے ملک بھر میں متعدد مقامات پر مقامی پولیس کے زیراہتمام مختلف تقریبات میں شرکت کی۔