جشن آزادی پر قوم کیلئے تحفہ ،چیف جسٹس فائزعیسیٰ نے خاندانی زمین عطیہ کردی

جشن آزادی پر قوم کیلئے تحفہ ،چیف جسٹس فائزعیسیٰ نے خاندانی زمین عطیہ کردی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)77 یوم آزادی کے موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کے اہل خانہ کی جانب سے بڑا اقدام اٹھایا گیا ہے۔

قاضی فائز عیسیٰ اور ان کے خاندان نے 31 ہزار 680 مربع فٹ زمین بلوچستان حکومت کو عطیہ کر دی ہے ، قاضی خاندان نے اراضی حکومت کو دینے کیلئے بلوچستان حکومت کو خط لکھا ہے ، خط پر چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ اور قاضی عظمت عیسیٰ کے دستخط بھی موجود ہیں۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کے خاندان کی جانب سے ارسال کردہ خط میں کہا گیاہے کہ پاکستان اپنی آزادی کے 77 سال مکمل کرنے جا رہا ہے اور اگر حکومت رضا مندی ظاہر کرتی ہے تو ہم لوگوں کے لیے 14 اگست 2024 کے پرمسرت دن پراس تحفے کو پیش کرنا چاہتے ہیں،عطیہ کی گئی اراضی زیارت میں قائدِاعظم ریذیڈنسی کے ساتھ واقع ہے ،اراضی عوام کے مفاد میں بطور انوائرمنٹل سینٹر استعمال کیلئے ہوگی، قاضی خاندان کی یہ اراضی 14اگست سے حکومت کے سپرد کی جائے گی۔ خط کی کاپیاں صدر،وزیر اعظم پاکستان، حکومت بلوچستان اور وزیر اعلیٰ کو ارسال کردی گئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں