پہلے آگ لگانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لائی جائے،ہمارے لوگوں پر تشدد کیا گیا،الیکشن نہیں لڑنے دیا،متاثرین تو ہم ہیں،ہمیں انصاف چاہیے:9مئی:عمران خان مشروط معافی مانگنے پر تیار
راولپنڈی ( خبر نگار )بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نو مئی واقعات پر مشروط معافی مانگنے پر رضا مندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معافی اس صورت میں مانگیں گے کہ آگ لگانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لائی جائے اس میں اگر پی ٹی آئی کے کارکن ہوئے تو ان کو پارٹی سے نکال دوں گا سزا دوں گا اور معافی بھی مانگوں گا ۔
پوری قوم حقیقی آزادی کے لیے 13 اگست کی شام سڑکوں پر نکلے ۔ نومئی کو میں نے کال نہیں دی تھی ۔کنٹونمٹس اور جی ایچ کیو کے سامنے پر امن احتجاج آئینی حق ہے ۔پٹرول بم صرف زمان پارک میں استعمال ہوئے جب چوبیس گھنٹے ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کے شیل چل رہے تھے ۔ اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ادارے کے تر جمان نے پریس کانفرنس میں کہا وہ 9 مئی سے متعلق معافی کے حوالے سے اپنے موقف پر قائم ہیں تو ہم بھی9 مئی کو معاف نہیں کریں گے ہمارے لوگوں پر تشدد کیا گیا پارٹی کو الیکشن نہیں لڑنے دیا گیا ۔نو مئی کے متاثرین ہم ہیں ہمیں انصاف چاہیے ۔نو مئی سے ڈرتا تو جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ نہ کرتا۔ چیف جسٹس نے ہمیں کرش کرنے کا پورا موقع دیا ،سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے میرے اغوا کو غیر قانونی کہا ۔کیا صرف ان کی عزت ہے اور ایک پارٹی ہیڈ کی کوئی عزت نہیں ۔میرے اغوا پر مجھ سے معافی مانگی جائے ۔
انہوں نے کہا معافی مانگ لوں گا ثبوت آپ کے پاس پڑے ہیں آپ انہیں کیوں چھپا رہے ہیں ثبوت چھپانا جرم ہے ، بانی پی ٹی آئی سے صحافی نے سوال کیا کہ نو مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کے لوگوں کو دیکھا گیا ہے تو بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اسی لیے کہہ رہا ہوں سی سی ٹی و ی فوٹیجز نکالیں اور دیکھیں اس میں کون لوگ ہیں سوال ہوا کہ نو مئی کے دن آپ کے لوگوں کے ہاتھوں میں پٹرول بم دیکھے گئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پٹرول بم ہم نے زمان پاک لاہور میں استعمال کئے تھے اور کہیں نہیں ۔ جب ان سے سوال ہوا کہ بہت ساری فوٹیجز موجود ہیں کہ پی ٹی آئی راولپنڈی کے کچھ مقامی تنظیمی عہدیدار پٹرول بم حساس عمارتوں پر پھینک رہے تھے جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر کوئی تنظیمی عہدے دار حساس عمارتوں پر پٹرول بم پھینکنے میں ملوث ہے تو اسے کڑی سے کڑی سزا دی جائے ، کہا گیا مافیا پیسے خرچ کر کے پاکستان مخالف مہم چلا رہے ہیں ،آپ نے ہمیں نواز شریف اور زرداری کی کرپشن کی کہانیاں سنائیں اب الیکشن میں دھاندلی کر کے انہی لوگوں کو مسلط کیا ، فوج قومی ادارہ ہے اس کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے ،حسینہ واجد نے اپنی مرضی سے پسند کا آرمی چیف لگایا تھا،اسی آرمی چیف نے اپنے لوگوں پر گولی چلانے سے انکار کیا ۔بنگلہ دیش سے برے حالات پاکستان میں ہیں، ہمارے ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری بنگلہ دیش کی نسبت بہت زیادہ ہے ۔
ہم ملک میں انتشار نہیں چاہتے ،میں ملک کی خاطر بات کرنے کو تیار ہوں،8 فروری کو میں نے کال اس لیے نہیں دی کیونکہ عوام کو کنٹرول کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے پھر ساری ذمہ داری ہم پر آ جاتی ،ملکی معیشت پہلے سے ہی تباہ حال ہے کوئی اگر بات نہیں کرنا چاہتا تو نہ کریں میں بھی نہیں کروں گا ،9مئی کو ہمارے 16 لوگ شہید ہوئے تین لوگوں کی ٹانگیں کٹ گئیں ، ایک بندہ مفلوج ہوا سوال ہو اکہ آپ کہہ رہے ہیں نو مئی کو آپ کے 16 لوگ شہید ہوئے اور کئی کارکن مفلوج ہو گئے لیکن اس کی تفصیل ابھی تک پی ٹی آئی نے جاری نہیں کی ۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے ان کارکنوں کی مالی امداد کی،پولیس نے ان پر دبائو ڈالا کہ وہ اس حوالے سے کوئی بات نہ کریں،ناموں کی بات کا عمران خان نے جواب نہیں دیا ۔سوال کیا گیا کہ آپ نے حال ہی میں شیخ مجیب الرحمن کو ہیرو قرار دیا ہے لیکن بنگلہ دیش کے عوام نے شیخ مجیب الرحمن کے مجسمے توڑ دیئے اور پاکستان کے پرچم اٹھا کر پاکستان کے حق میں نعرے لگائے ،کیا وہ اب بھی آپ کے ہیرو ہیں ،جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ شیخ مجیب الرحمن سے متعلق جو بھی بات کی وہ حمود الرحمن کمیشن کی فائنڈنگز ہیں میری نہیں۔
ایک سوال پر بانی پی ٹی آئی نے کہا معافی وہ مانگتا ہے جس نے کوئی غلطی کی ہو انہوں نے پرامن احتجاج کو دہشت گردی بنا دیا میں نے کوئی غلطی نہیں کی ۔میں مظفرگڑھ پولیس والا نہیں ہوں کہ پہلے مجھے پھینٹی لگائی جائے اور بعد میں میرا آئی جی ہی جا کر معافی مانگ لے ۔شیر افضل مروت سے متعلق سوال پر بانی پی ٹی آئی صحافی کے سوال پر جواب دئیے بغیر روانہ ہو گئے ۔ بعد ازاں ایک بار پھر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حسینہ واجد جس طرح ملک سے فرار ہوئی ہیں مجھے خدشہ ہے نواز شریف،آصف زرداری،شہباز شریف بھی ملک سے فرار ہوں میرا مطالبہ ہے کہ ان کے ملک سے فرار ہونے سے قبل مجھ سمیت نواز شریف شہباز شریف آصف زرداری اور محسن نقوی کا نام ای سی ایل پر ڈالا جائے ، میرا نام اس لیے ای سی ایل پر ڈالا جائے کہ میں جیل سے باہر بھی آجاؤں تب بھی ملک سے باہر نہ جا سکوں۔ حسینہ واجد کے واقعہ کے بعد مجھے لگ رہا ہے ملک میں کچھ بڑا ہونے والا ہے ۔ آپ کہہ رہے ہیں کہ سیاسی قائدین کے نام ای سی ایل پر ڈالے جائیں کہ وہ ملک سے فرار نہ ہو سکیں سوال ہوا کہ آپ کی پارٹی کے لوگ شہباز گل،مراد سعید، قاسم سوری،فرح گوگی اور احسن جمیل گجر بھی ملک سے فرار ہیں آپ انہیں واپس کیوں نہیں بلاتے جس پر انہوں نے کہا کہ ہمیں عدالتوں سے ڈر نہیں لگتا یہاں ٹرائل نہیں ہوتا ویگو ڈالا آجاتا ہے ۔میری بیوی کے بھائی میری بہنوں اور بھانجوں پر مقدمات ڈال جائیں، یہ لوگوں کو گرفتار نہیں کرتے اغوا کر لیتے ہیں۔