پاکستان سنسنی خیر مقابلہ کے بعد جنوبی افریقہ سے ہارگیا :بھارت ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل سے دور

پاکستان سنسنی خیر مقابلہ کے بعد جنوبی افریقہ سے ہارگیا :بھارت ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل سے دور

سنچورین(سپورٹس ڈیسک )جنوبی افریقہ نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں 2 وکٹوں سے شکست د یکر 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی اور ۔۔۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی جبکہ بھارت ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل سے دور ہوگیاہے ۔ سنچورین میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 211 اور جبکہ جنوبی افریقہ نے 301 رنز بنائے تھے ۔ پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں 237 رنز بناسکی یوں جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کیلئے 148 رنز کا ہدف ملا جو انہوں نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 39.3 اوورز میں حاصل کرلیا، میزبان ٹیم کی آٹھویں وکٹ 99 کے سکورپر گری ،کپتان ٹمبا بفوما 40 رنز بناکر نمایاں رہے ، اوپنر ایڈن مارکرم نے 37 رنز بنائے ، کگیسور بادا نے 31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، کائیل وررینے 2 ، ڈیوڈ بیڈنگھم 14 اور کوربن بوش صفر پرآؤٹ ہوئے جبکہ مارکو جانسن نے ناٹ آؤٹ 16 رنز سکور کئے ۔پاکستان کی جانب سے فاسٹ باؤلر محمد عباس نے 6 وکٹیں حاصل کیں، خرم شہزاد اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ لی ۔واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن 2025 کے فائنل تک رسائی کیلئے ایک جیت درکار تھی جو اس نے مشکلات کا شکار ہونے کے باوجود سنبھلتے ہوئے حاصل کی۔ہوم گراؤنڈ میں سری لنکا کو 0-2 سے شکست دے کر جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلے ہی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فہرست میں پہلے نمبر پر موجود تھی، مجموعی طور پر 11 میچوں میں جنوبی افریقہ نے 66.67 کی اوسط سے 7 میچوں میں فتح سمیٹی ۔ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی دوسری فائنلسٹ ٹیم کیلئے آسٹریلیا، بھارت اور سری لنکا میں مقابلہ ہے تاہم آسٹریلیا کو بھارت پر معمولی برتری حاصل ہے جبکہ نیوزی لینڈ اور سری لنکا بھی ان کے قریب ہیں۔جنوبی افریقہ سے پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 7 ویں سے 8 ویں نمبر پر چلا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں