ریسکیو آپریشن میں زخمی کوہ پیما مراد سد پارہ جاں بحق

 ریسکیو آپریشن میں زخمی  کوہ پیما مراد سد پارہ جاں بحق

لاہور،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نامہ نگار) براڈ پیک کی مہم جوئی کے دوران سر پر پتھر لگنے سے زخمی ہونے والے پاکستانی کوہ پیما مراد سد پارہ دم توڑ گئے۔

براڈ پیک ریسکیو ٹیم نے مراد سدپارہ کے  جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی،جن کی میت کو ریسکیو کر کے آبائی علاقے سکردو پہنچا دیا گیا ہے ۔ مراد سدپارہ 10 اگست کی شام براڈ پیک سر کرکے واپسی پرکیمپ 1 میں راک سلائیڈنگ کی زد میں آکرلاپتہ ہوگئے تھے ، جس کے بعد 11 اگست کو آرمی ہیلی کاپٹر کی مدد سے ریسکیوآپریشن کا آغاز کیا گیا اور 6 رکنی ریسکیو ٹیم نے کوہ پیما کی میت کو تلاش کیا۔ مراد سدپارہ نے گزشتہ ہفتے کے ٹو کی بلندی سے کوہ پیما کی لاش کو اتارا تھا، وہ کے ٹو کی صفائی مہم کی قیادت کر رہے تھے ۔ محمد مراد سدپارہ کے ٹو سمیت 4 پہاڑ سر کر چکے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کوہ پیما مراد سدپارہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی بلندی درجات کی دعا اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے مراد سدپارہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے متعدد بار مشکل میں پھنسے غیر ملکیوں سمیت کئی کوہ پیماؤں کی مدد کر کے اُن کی جانیں بچائیں۔ محسن نقوی نے سدپارہ کی مغفرت اور بلنددرجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں