بلوچستان:مطلوب دہشتگرد شہک ہلاک،دھماکے میں 1جاں بحق،6زخمی
اسلام آباد(دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں)دہشتگرد گروہ بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف)کا مطلوب دہشتگرد شمبین عرف شہک ہلاک جبکہ کوئٹہ دھماکے میں ایک شخص جاں بحق ،6زخمی ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگرد شمبین عرف شہک کو اس کے اپنے ہی ساتھی نے ہلاک کیا، ہلاک دہشتگرد متعدد دہشتگرد کارروائیوں ، فورسز پر حملوں اور ہتھیارڈالنے والے ساتھیوں کے قتل میں بھی ملوث تھا،دریں اثنا بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے لیاقت بازار کے قریب چائنہ مارکیٹ کی دکان پر دھماکے سے عرفان اﷲ جاں بحق ہوگیا جبکہ محمد عظیم ، زین اﷲ ،حبیب الرحمن ،ساگر گووند، یوسف مسیح اور شبیر زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور نقصان کا تعین کیا جارہا ہے ، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ جس سے اطراف کی عمارتیں بھی لرز اٹھیں۔ریسکیو ٹیموں کی جانب سے زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے ،واقعہ کے فوری بعد سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کی ناکہ بندی بھی کردی گئی جبکہ تفتیشی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے شروع کردئیے ہیں،واضح رہے چائنہ مارکیٹ جس دکان میں دھماکاہوا وہاں اور اطراف میں جشن آزادی کے حوالے سے بیجز اور دیگر چیزیں فروخت کی جارہی تھیں۔