ای ویزا پالیسی نافذ،126ممالک کے سیاحوں کیلئے فیس ختم
اسلام آباد (نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطا اﷲتارڑ نے کہا ہے پاکستان کے دروازے دنیا کے لئے کھولے جا رہے ہیں، ای ویزا پالیسی متعارف کرائی گئی ہے جو نافذ العمل ہوگئی ہے جس کے تحت 126 ممالک سے پاکستان آنے والے سیاحوں کے لئے ویزا فیس ختم کر دی گئی ہے۔
خلیجی ممالک کے رہائشی صرف پاسپورٹ لے کر پاکستان آئیں انہیں آن ارائیول ویزا جاری کر دیا جائے گا۔ ارشد ندیم کا کارنامہ 92 کے ورلڈکپ سے بھی بڑا ہے ،انہوں نے یوم آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کردیا۔ منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا ویزا پراسیس کو آسان بنا دیا گیا ہے ۔ 126 ممالک کے باشندوں کے لئے سادہ فارم متعارف کرایا گیا ہے جسے پر کرنے میں 10 منٹ کا وقت لگے گا، جیسے ہی اس فارم کو پر کر کے کلک کیا جائے گا تو فوری طور پر ای ویزا جاری کر دیا جائے گا جو 90 دن کے لئے کارآمد ہوگا جس کی 90 دن کے بعد تجدید ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا اس فارم میں 30 سوالات فراہم کئے گئے ہیں جن کا جواب دینے پر ویزا جاری کر دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا لوگوں کو ویزا کے حصول کے لئے سفارت خانوں اور ہائی کمشنز میں نہیں جانا پڑے گا،ہم چاہتے ہیں کہ بیرونی دنیا سے لوگ یہاں آئیں اور ہمارے ملک کی خوبصورتی دیکھیں،دنیا کے لئے پاکستان میں سیاحت کو آسان بنانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا سکھ یاتریوں کو بھی ویزا میں سہولت دی گئی ہے ۔ یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے کہا وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر اسلام آباد میں ایف نائن پارک میں جشن آزادی کا بڑا ایونٹ منعقد کیا جا رہا ہے جس میں پاکستان کا پہلا ڈرون شو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، آج ایف نائن پارک میں 500 ڈرون نظر آئیں گے ۔ انہوں نے کہا یہ غیر سیاسی تقریب ہے ، اس میں صرف پاکستان کا پرچم نظر آئے گاایک اور سوال پر انہوں نے کہا پاک فوج میں میرٹ کا نظام ہے ، پاک فوج میں احتساب کے نظام پر سوال نہیں اٹھایا جا سکتا۔