نواز شریف کو آج بھی بڑے فیصلوں کا اختیار

نواز شریف کو آج بھی بڑے فیصلوں کا اختیار

(تجزیہ:سلمان غنی) مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی جانب سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے فی یونٹ 14 روپے کے ریلیف کا اعلان ظاہر کر تا ہے کہ آج بھی ن لیگ کی حکومت اورجماعت میں بڑے فیصلوں کا اختیار نواز شریف کو ہے ۔

پچھلے 30سالوں میں نواز شریف کی حکومتوں کو ایک کریڈٹ ضرور دیا جاسکتا ہے کہ وہ براہ راست عوام پر بوجھ ڈالنے سے گریزاں رہے ،مگر اب نئی پیدا شدہ صورتحال میں ن لیگ کی مقبولیت پر اثر انداز ہونے والا یہ بوجھ ہی ہے ،پہلی مرتبہ تنخواہ دار لوگوں کیلئے بجلی کا بل عذاب بن کر اتراہے ۔پنجاب میں بجلی پر ریلیف کا اعلان تو ن لیگ کے قائد نواز شریف نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی موجودگی میں کیا اور اب وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی وفاق کی سطح پر اہم اعلان  متوقع ہے لہٰذا دیکھنا یہ ہوگا کہ وہاں بھی مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف موجود ہوں گے یقیناً ایسا نہیں ہوگا اس کی بڑی وجہ یہ کہ ن لیگ آج بھی اپنی سیاسی طاقت کا محور پنجاب کو سمجھتی ہے ، وفاق نے اس سے قبل بجلی کی قیمتوں میں ریلیف کیلئے دوسو یونٹ والوں کو ٹارگٹ کیا تھا جسے 500یونٹ تک بڑھایا جاسکتا ہے لیکن ابھی اس پر کئی سوال کھڑے ہیں، ایک تو یہ کہ 14روپے یونٹ کمی کے باوجود بجلی کی قیمت 50روپے یونٹ کے لگ بھگ ہوگی،اوپر سے آئی ایم ایف کو بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ہم سبسڈی نہیں دیں گے ، جبکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے باوجود فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی ہونے کا خدشہ موجود ہے ۔ایسے میں مسئلے کا مستقل حل ڈھونڈنا ضروری ہے ۔لہٰذا ماہرین مصر ہیں کہ حکومت آئی پی پیز کا مسئلہ حل کرے ،دراصل بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ یہ ہے کہ کارخانے چلائے بغیر ،بجلی بنائے بغیر اگر اربوں روپے یہ وصول کررہے ہیں تو ان کا علاج کیا ہوگااور یہ کام وفاقی حکومت کے کرنے کے ہیں، کیا وزیر اعظم شہباز شریف اس حوالے سے کوئی فیصلہ کر پائیں گے کم ازکم52فیصدآئی پی پیز تو خود حکومت کے ہیں ان کا سد باب ہوسکے گا ؟جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتابجلی کی قیمتوں کا مسئلہ مستقل طور پر حل نہیں ہوسکتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں