منکی پاکس :لاہور اورکراچی ائیرپورٹس پر سکریننگ کا آغاز

منکی پاکس :لاہور اورکراچی ائیرپورٹس پر سکریننگ کا آغاز

کراچی،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،ہیلتھ رپورٹر) کراچی میں جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کانگو اور منکی پاکس وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے تناظر میں 24 گھنٹوں کے دوران 22 سے زائد پروازوں کی سکریننگ کے ذریعے طبی جانچ پڑتال کی گئی۔

فوکل پرسن جناح ٹرمینل ائیرپورٹ ڈاکٹر ظفر مہدی کے مطابق کسی مسافر میں منکی پاکس یا اسکے علامات کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا، محکمہ صحت سندھ کی جانب سے ائیرپورٹ پر 20سے زائد ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل عملہ اپنے فرائض انجام دے رہا ہے ۔مشتبہ مسافرکی جانچ کیلئے علیحدہ روم بھی بنائے گئے ہیں۔سی ای او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر زوہیب نے لاہور ائیر پورٹ پر قائم منکی پاکس سکریننگ ڈیسک کا جائزہ لیا، لاہور ائیر پورٹ پر منکی پاکس کی سکریننگ کیلئے ڈیسک قائم کر دیئے گئے جہاں محکمہ صحت کی ٹیموں نے 24 گھنٹے مسافروں کی سکریننگ کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ سی ای او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر زوہیب کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی مشتبہ مریض رپورٹ نہیں ہوا لاہور ائیر پورٹ پر سکریننگ کیلئے تمام ضروری سٹاف اور سامان مہیا کر دیا گیا ہے ۔پنجاب حکومت نے سابق نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی سربراہی میں منکی پاکس پر ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دے دی جس میں شعبہ صحت سے 20 سینئر افراد شامل ہیں ،کمیٹی منکی پاکس کی روک تھام اور تشخیص پر کام کرے گی۔ٹیکنیکل کمیٹی مریضوں کے علاج کا طریقہ کار وضع کرے گی ۔ ویکسین منگوا کر کس کو لگائی جائے گی یہ بھی کمیٹی طے کرے گی۔کمیٹی طبی عملے اور ایئرپورٹ عملے کی ٹریننگ پر کام بھی کرے گی۔کمیٹی میں بارڈر ہیلتھ سروسز ، یونیسیف اور عالمی ادارہ صحت کے ارکان شامل ہیں جبکہ جلد ، میڈیسن ، مائیکروبیالوجی کے سینئرپروفیسرز ، ڈی جی ہیلتھ پنجاب اور ریسکیو 1122 کے رکن بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں