14روپے یونٹ ریلیف کیلئے پنجاب حکومت کا بجلی کمپنیوں کو خط

14روپے یونٹ ریلیف کیلئے پنجاب حکومت کا بجلی کمپنیوں کو خط

لاہور(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں )پنجاب حکومت نے بجلی فی یونٹ 14 روپے ریلیف معاملے پر 5 بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ایڈوانس ادائیگی کا فیصلہ کر لیا۔

حکومت نے تقسیم کار کمپنیوں سے بجلی کی فی یونٹ 14 روپے ریلیف پر آنے والی رقم کی تفصیلات طلب کر لیں، ڈسکوز سے 19 اگست تک ریلیف کے لیے درکار مالی ضروریات کا تخمینہ مانگا گیا ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب کو بجلی فراہم کرنے والی 5 کمپنیوں لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ الیکٹرک کو خط لکھے گئے ہیں ۔خط کے مطابق 14 روپے فی یونٹ کمی کے حکومتی پیکیج کی رقم سے آگاہ کیا جائے ، آئیسکو، میپکو، گیپکو، فیسکو ، لیسکو 201 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والے شہریوں کے بجلی بلوں میں کمی کریں گی اور بجلی کی اصل لاگت اور ریلیف کے درمیان رقم پنجاب حکومت ادا کرے گی ۔دوسری طرف سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ نوازشریف نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کیاہے ، 14 روپے فی یونٹ کمی کے حساب سے 45ارب کا ریلیف فراہم کیاجائے گا جو پنجاب حکومت اپنے بجٹ سے دے گی ۔ صدر مسلم لیگ ن نواز شریف ، وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز چار ماہ سے عوام کو ریلیف دینے کی سوچ اور انکے دکھ درد کو کم کرنے میں مصروف تھے جسکے تحت تاریخی پیکیج کا اعلان کیاگیا ،لیکن بعض پراپیگنڈہ اور جھوٹ پھیلانے والے عناصر کو عوام کو دیاجانے والا یہ ریلیف برداشت نہیں اور صوبوں کو ایک دوسرے سے لڑانے کی کوشش کررہے ہیں یہ وہی لوگ ہیں جنہو ں نے اپنی چار سالہ حکومت میں معیشت کا بیڑا غرق کیا، وفاقی سطح پر جولائی ، اگست اور ستمبر جبکہ پنجاب میں اگست اور ستمبر کے بلوں میں یہ ریلیف دیاجائے گا ۔چار سالہ حکومت میں ملکی معیشت تباہ کرنے والے کس طرح موجودہ حکومت کی جانب سے عوام کے مفاد کیلئے کام کرنے پر تنقید کررہے ہیں ، ان عناصر کو شرم آنی چاہیے جنہو ں نے اپنے دور حکومت میں عوام کے مفاد کے لئے کوئی کام نہیں کیا بلکہ انکی زندگیو ں سے معاشی آسانیاں بھی چھین لیں جو 2018 سے پہلے سابق وزیراعظم نوازشریف نے اپنے دورحکومت میں انہیں دی تھیں اور ملک 6.1 کی شرح سے ترقی کررہا تھا ،ہم تو چاہتے ہیں کہ تمام صوبے خیبر پختونخواہ ، سند ھ اور بلوچستان پنجاب کے اس رول ماڈل کو اپناتے ہوئے اپنے بجٹ میں سے بجلی صارفین کے بلوں میں کمی کا اعلان کریں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں