انٹر نیٹ سست ، بتایا جائے دراصل ہو کیا رہا:اسلام آباد ہائیکورٹ

 انٹر نیٹ سست ، بتایا جائے دراصل ہو کیا رہا:اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے انٹرنیٹ کی سست روی اور فائر وال انسٹالیشن کے خلاف درخواست میں فریقین کو جواب کیلئے نوٹسز جاری کرد ئیے ۔

 درخواست پر سماعت کے دوران پٹیشنر کی جانب سے ایمان مزاری ایڈووکیٹ پیش ہوئیں،چیف جسٹس نے کہاکہ آج کل انٹرنیٹ سست ہو گیا ؟ اس سے پہلے کہ ہم کوئی آرڈر جاری کریں، یہ بتائیں کہ دراصل ہو کیا رہا ہے ؟،کون سی وزارت اس سے متعلقہ ہے ، پتہ چلے کہ انٹرنیٹ سپیڈ میں کمی کی وجہ کیا ہے ؟ اس بارے میں پی ٹی اے سے پوچھیں یا وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے ؟ ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے کہاکہ پی ٹی اے اس معاملے پر خاموش ہے ،چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ سیکرٹری، جوائنٹ سیکرٹری میں سے کس کو بلائیں؟،جس پر ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ متعلقہ وزارتوں کے اعلی عہدیداروں کو طلب کیا جائے ، چیف جسٹس نے کہاکہ اس کو بلائیں گے جو اس معاملے کا علم رکھتا ہو اور عدالت کو بریف کر سکے ،عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت پیر تک کیلئے ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں