ناراضی کے نام پر دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں:اسحق ڈار

ناراضی کے نام پر دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں:اسحق ڈار

اسلام آباد(نامہ نگار، دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحا ق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو پھر سے معاشی قوت بنانا ہمارا ہدف ہے ،اتحاد میں ہمارا مستقبل ہے ، نفرت کو دفن کر دینا چاہیے ،وزیر مملکت آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ کوریا کیساتھ مل کر اسلام آباد میں آئی ٹی پارک بنا رہے ہیں۔

 اسلام آباد میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈارنے کہا کہ نوجوان تعلیم ، ہنر مندی اورٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا ذریعہ بن سکتے ہیں،تعلیم ہر بچے اور نوجوان کا حق ہے ، تعلیم سے ملک کا مستقبل روشن ہو گا۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ تمام بچوں سے کہتا ہوں کہ سیکھنے کے عمل کو ہمیشہ جاری رکھیں، تخلیق اور تعلیم کے امتزاج کو اپنا کر ترقی کے نئے راستے تلاش کریں۔ دورہ بلوچستان میں بتایا گیا کہ کچھ بلوچ ناراض ہیں، میں کہتا ہوں کہ کوئی اپنی دھرتی ماں سے ناراض نہیں ہوسکتا،اپنے مسائل کا حل مل بیٹھ کر تلاش کریں تاہم ناراضی کے نام پر دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ نوجوان نسل محنت کو اپنی ترجیح بنائیں، اسحاق ڈار نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت پاکستان کو بچانے کے لیے تھی، ہمارے دشمن چاہتے تھے کہ پاکستان کو معاشی طور پر ختم کردیا جائے ۔ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن شزافاطمہ خواجہ نے کہا کہ معیشت ہو یا سکیورٹی یا پھر کوئی اور شعبہ سب آئی ٹی پر منتقل ہو رہے ہیں، کوریا کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں آئی ٹی پارک بنا رہے ہیں۔ ملکی ترقی کیلئے نوجوانوں کو بااختیار بنانا بہت ضروری ہے ، رواں سال 4 ارب سے زائد نوجوانوں کی سکلز ڈیویلپمنٹ پر خرچ کیے جائیں گے ۔اسلام آباد کو سب سے پہلے ماڈل ڈیجیٹل سٹی بنائیں گے ۔ وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، نوجوانوں کو ملکی ترقی کے لئے ہر شعبے میں آگے آنا ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں