انجمن تاجران کا 28 اگست کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )انجمن تاجران نے پریس کانفرنس میں 28 اگست کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا۔ آل انجمن تاجران پاکستان کے صدراجمل بلوچ کا کہناتھا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پرقرض لینے کے لیے تاجر دوست سکیم کو متعارف کروایا گیا سکیم تاجر دوست نہیں تاجر دشمن ہے۔
ایک سیاسی جماعت ہماری ہڑتال کو اپنا نام دینا چاہتی ہے ، ہمارا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں، نعیم میر انجمن تاجران کے نہیں حکومتی نمائندے ہیں، حکومت کا تاجر دوست سکیم کا اویلوایشن ٹیبل کسی صورت قبول نہیں ، حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں پر ہڑتال کی جارہی ہے ۔ملک میں70 فیصد خرید و فروخت بند ہوچکی تاجروں کا بہت نقصان ہو رہا ہے 16 لاکھ سرمایہ دار ملک چھوڑ کر جاچکے ہیں،پراپرٹی ٹیکس تو ہم پہلے ہی ادا کررہے ہیں آمدن پر پراپرٹی ٹیکس کیسا دیں؟28 اگست کو تاجروں کی مکمل ہڑتال ہوگی ،بجلی بلوں پر بڑے میاں نے 14 روپے یونٹ کا ریلیف دیااگلے دن چھوٹے میاں نے 1 ہزار میٹر کا کرایہ لگا دیا،میٹر تو ہم خریدتے ہیں اس کا کرایہ کس چکر میں لیا جارہا ہے ، حکومتی نمائندے اپنی مراعات تو ختم نہیں کررہے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ڈیڑھ ڈیڑھ کروڑ کی گاڑیاں دی گئی ہیں ،یہ ملک کے ساتھ ظلم ہے ،کرپشن کرنے والوں کو گولی مارنے کا قانون ہونا چاہیے ، رئیل اسٹیٹ کا کاروبار سوچی سمجھی سکیم سے تباہ کیا گیا ، اگر ہماری کسی مارکیٹ میں ایف بی آر کا بندہ آیا اور اس نے کسی تاجر کو تنگ کیا تو اپنی ٹانگوں پر واپس نہیں جائے گا۔اس موقع پر انجن تاجران لاہور کے صدر مجاہد مقصودبٹ کا کہناتھا28 اگست کو ہڑتال سیاسی جماعت کی نہیں،حکومت نے تاجروں کو دبانے کی کوشش کی تو وزیراعلیٰ ہائوس اور ایف بی آر آفس کا گھیرائو کریں گے ۔ حکمران تاجروں کے حال پر رحم کریں، تاجر دوست سکیم تاجر دشمن، تاجر مکائوسکیم ہے ۔