موجودہ جعلی اسمبلیوں کو تحلیل ہونا چاہیے :غفورحیدری

 موجودہ جعلی اسمبلیوں کو تحلیل ہونا چاہیے :غفورحیدری

اسلام آباد(دنیا نیوز)مرکزی رہنما جے یو آئی ف مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اپنے بیانیے پر قائم ہیں کہ موجودہ جعلی اسمبلیوں کو تحلیل ہونا چاہیے ۔

دنیا نیوز کے پروگرام‘‘ٹونائٹ ود ثمرعباس’’میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفورحیدری کا کہنا تھا حکومت سے چیف جسٹس کی مدت ملازمت بارے ابھی بات نہیں ہوئی، جب یہ بات منظرعام پرآئے گی تودوسری پارٹیوں کا موقف سنیں گے ۔ہم صاف اورشفاف الیکشن چاہتے ہیں، ابھی تک تحریک انصاف سے کوئی ملکراتحاد چلانے کا فیصلہ نہیں ہوا۔مولانا عبدالغفورحیدری کا کہنا تھا کہ حکومت کولانے والے جب تک چاہیں گے حکومت چلے گی، دونشستیں مانگنے والے بیان کی تحریک انصاف نے بھی تردید کردی ہے ، مولانا فضل الرحمن چھوٹی چھوٹی چیزوں پرعظیم مقاصد کوقربان نہیں کرسکتے ، سینیٹ کی دونشستیں مانگنے والی بات نہیں ہوئی تھی۔تحریک انصاف کے جلسے منسوخ ہونے کے سوال پر مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا کہ جلسہ کیوں موخرہوا یہ تحریک انصاف کا ذاتی معاملہ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کا اعتراف کیا جائے ، میثاق جمہوریت جیسا فارمولا سامنے آنا چاہیے ، موجودہ صورتحال سے ہم مطمئن نہیں ہیں، ملک کا سیاسی حل نکالنے کے لئے مل بیٹھنے میں کوئی حرج نہیں، شفاف الیکشن سے متعلق بات چیت ہوسکتی ہے ۔

رہنما تحریک انصاف شیرافضل مروت نے کہا آٹھ ستمبر کو ہر حال میں جلسہ ہوگا جو ذمہ داری ملی ادا کروں گا۔پروگرام میں رہنما تحریک انصاف شیر افضل مروت نے کہا کل اسلام آباد میں واپس آجاؤں گا،آٹھ ستمبرکے جلسے کی تیاری کروں گا، جلسہ کامیاب ہوگا۔جلسہ باربارموخرہونے سے بانی پی ٹی آئی کی کازکونقصان ہوگا، بغیرکسی وجہ کے بانی پی ٹی آئی سے جلسہ منسوخ کر ایا گیا، اب لکیر پیٹنے کا کوئی فائدہ نہیں۔بیرسٹرگوہرکے بیان کے بعد دوبارہ مجھے وٹس ایپ گروپ میں شامل کیا گیا ہے ۔رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کی رہائی، مینڈیٹ واپسی کی تحریک چلانے کا فیصلہ ہوچکا ہے ۔ میں نہیں سمجھتا بانی پی ٹی آئی کوملٹری عدالت میں پیش کرنے کا کوئی جوازہے ۔ ایک سوال پر کہا نوازشریف،زرداری کسی گورنمنٹ سکول کے پرنسپل نہیں بن سکتے ، بانی پی ٹی آئی آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلرکا انتخاب لڑرہے ہیں، مسلم لیگ ن بانی پی ٹی آئی کے خلاف سوشل میڈیا پرکمپین چلارہی ہے ۔ان کا کہنا تھا خیبرپختونخوا میں اندرونی اختلافات انتہائی افسوس ناک ہے ۔شیرافضل مروت کا مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ اگرمولانا فضل الرحمان حکومت میں جائیں گے توسیاسی قیمت چکانا پڑے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں