سید علی گیلانی کی تیسری برسی ،دنیا بھر میں تقریبات ،خراج عقیدت

سید علی گیلانی کی تیسری برسی ،دنیا بھر میں تقریبات ،خراج عقیدت

اسلام آباد ،سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک ،اے پی پی)بزرگ حریت رہنما اور کشمیر کی مزاحمتی تحریک کے آئیکون سید علی گیلانی کی تیسری برسی گزشتہ روز انتہائی عقیدت واحترام سے منائی گئی،حیدرپورہ قبرستان میں لوگوں نے بڑی تعداد میں ان کی قبرپر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔

 سید علی گیلانی یکم ستمبر 2021 کو سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر نظر بندی کے دوران انتقال کر گئے ، جہاں وہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے نظر بند تھے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت کے غیر قانونی طور پر تسلط جموں و کشمیر کے لوگوں سے حیدر پورہ قبرستان جانے کی اپیل کی تھی ۔اے پی ایچ سی کی کال کو تمام آزادی پسند تنظیموں نے سپورٹ کیا ۔ آئمہ اور خطیبوں نے آزادی کے حامی بزرگ رہنما اور دیگر کشمیری شہدا کے لئے مساجد میں خصوصی دعائیں کرائیں۔علاوہ ازیں دنیا بھر میں ان کی برسی پر تقریبات اور مظاہروں کا اہتمام کیاگیا ۔ غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ اور سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے پیغامات میں کہا کہ جموں و کشمیرکے بارے میں سید علی گیلانی کا موقف کشمیریوں کی مزاحمتی جدوجہد کی علامت ہے ، انہوں نے \"ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے \'\' کانعرہ لگایا۔ حریت رہنما عبدالرشید منہاس ،یوسف نقاش ،فیاض جعفری اور سید سبط شبیرقمی نے کہاکہ سید علی گیلانی کی کشمیر کی آزادی کیلئے لازوال جدوجہد امن اور انصاف کی خواہش رکھنے والوں کو تحریک دیتی رہے گی ۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردارعتیق نے اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر کی آزادی کی تحریک کو پرو ایکٹو کرنے کی ضرورت ہے ،سید علی گیلانی نے مشکل ترین حالات میں کشمیر کی نمائندگی کی۔مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفرالحق کا کہنا تھا جب آپ کشمیر کیلئے عملی طور پر نکلیں گے ہی نہیں تو کشمیر کیسے آزاد ہو گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں