فیصلے کرنیوالی بیوروکریسی ،عدلیہ کو جواب دینا ہوگا:خواجہ آصف

فیصلے کرنیوالی بیوروکریسی ،عدلیہ کو جواب دینا ہوگا:خواجہ آصف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 75 سال سے فیصلے کرنے والی بیورو کریسی اور عدلیہ کو بھی جوابدہ ہونا ہوگا،بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل ہو سکتا ہے ، بالواسطہ یا بلاواسطہ مذاکرت کی باتیں ہو رہی ہیں، یہ باتیں خلوص سے عاری ہیں۔

خواجہ آصف نے ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نواز شریف کی صدارت میں ہونے والے پارٹی اجلاس میں سیاسی معاملات پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی،وہاں صرف پنجاب کے بلدیاتی انتخابات اور بجلی کے بلوں پر بات کی گئی، نواز شریف نے پی ٹی آئی سے بات چیت سے متعلق کوئی بات ہی نہیں کی۔خواجہ آصف نے مذاکرات سے متعلق گردش کرتی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ماحول سازگار نہیں، پی ٹی آئی جب تک 9 مئی کے واقعہ پر معافی نہیں مانگتی بات چیت نہیں ہوسکتی،9 مئی کا احتساب 200 فیصد ہونا چاہئے ۔ پی ٹی آئی دورِ حکومت میں 24 سویلینز کے کیس ملٹری کورٹ میں چلائے گئے جبکہ متعدد کو سزائے موت سنائی گئی۔ان کاکہناتھاکہ قومی اسمبلی میں حکومت کے پاس محفوظ نمبر رہنے چاہئیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ جب شہباز شریف نے پارلیمنٹ میں مذاکرات کی دعوت دی تو بانی پی ٹی آئی رعونت کے ساتھ اپوزیشن کی طرف پشت کرکے بیٹھے رہے ، ان دنوں باجوہ اور فیض کے ساتھ عشق جوان تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں