امیر بالاج کیس کے مفرور ملزم طیفی بٹ کا بہنوئی قتل

امیر بالاج کیس کے مفرور ملزم طیفی بٹ کا بہنوئی قتل

لاہور ( کرائم رپورٹر) امیر بالاج قتل کیس کے مفرور ملزم طیفی بٹ کے بہنوئی کو لاہور میں 2 موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا جبکہ طیفی بٹ کی بہن زخمی ہو گئیں۔

بتایاگیاہے کہ اچھرہ کے علاقے میں طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ اپنی بیو ی ثمینہ کیساتھ کارمیں سوار اپنی پوتی اور پوتوں کو سکول سے لینے کیلئے جارہے تھے کہ ایف سی کالج انڈرپاس کے قریب 2موٹرسائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی ،جاوید بٹ کو 5گولیاں لگیں اور وہ موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ان کی بیوی 2گولیاں لگنے سے زخمی ہوئیں ،جنہیں سروسزہسپتال منتقل کردیاگیا۔حملہ آور گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے اچھرہ کی طرف سے آئے اور ایف سی کالج روڈ سے گلبرگ کی طرف فرار ہوگئے ۔فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور ٹریفک جام ہوگئی ،پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے اورلاش کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال اورگاڑی کو تھانے منتقل کردیا ،پولیس کے اعلیٰ افسربھی موقع پر پہنچے ۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق تارڑ نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر شواہد کی روشنی میں تحقیقات کی جارہی ہیں ، مارنے والے پیشہ ور شوٹر معلوم ہوتے تھے ، بظاہر لگتا ہے کہ جاوید بٹ کو دیرنیہ دشمنی کی رنجش پر قتل کیا گیا ۔ رات گئے جاوید بٹ کے قتل کا مقدمہ ان کے بیٹے حمزہ جاوید کی مدعیت میں قیصر بٹ اور امیربالاج ٹیپو کے بھائی امیر فتح کیخلاف درج کرلیاگیا،درخواست میں مدعی موقف اختیار کیاہے کہ اس کی زخمی ہونے والی والدہ 60سالہ تہمینہ جاوید نے فائرنگ کرنیوالے 2موٹرسائیکل سواروں کے پیچھے قیصر بٹ اور امیرفتح ٹیپو کو بیٹھے دیکھا جس وہ شناخت کرسکتی ہیں ۔واضح رہے کہ چند روز قبل امیر بالاج کی مخبری کے الزام میں گرفتار ملزم احسن شاہ بھی پولیس تحویل میں اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا تھا۔امیر بالاج کو 18 فروری کو لاہور میں ایک شادی کی تقریب میں قتل کیا گیا تھا۔ امیر بالاج کے بھائی امیر مصعب نے قتل کا الزام خواجہ تعریف عرف طیفی بٹ اور خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ پر عائد کیا، قتل کے اگلے ہی روز طیفی بٹ دبئی فرار ہو گیا تھا جسے عدالت نے اشتہاری قرار دے رکھا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں