بشریٰ بی بی کی بریت کا فیصلہ ریفرنس کے حتمی فیصلے تک محفوظ

بشریٰ بی بی کی بریت کا فیصلہ ریفرنس کے حتمی فیصلے تک محفوظ

راولپنڈی ، اسلام آباد ، لاہور (خبرنگار، اپنے نامہ نگار سے ، اپنے خبر نگار سے ،کورٹ رپورٹر ) اسلام آباد کی خصوصی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ زکیس میں بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلے کو ریفرنس کے فیصلے تک مؤخر کر دیا ۔

گزشتہ روز ریفرنس کے تفتیشی پر ملزموں کے وکلا نے جرح جاری رکھی تاہم عدالتی وقت ختم ہونے کے باعث سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کردی گئی ۔ دریں اثنا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں عبوری ضمانت کی توسیع کرتے ہوئے جیل انتظامیہ کو جواب کیلئے دوبارہ نوٹس جاری کردیا۔مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کی ویڈیولنک پیشی نہ کرانے پر جیل حکام کا جواب جمع نہ کرایاجاسکا،عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے جیل حکام سے ویڈیو لنک پر حاضری نہ لگوانے پر دوبارہ رپورٹ طلب کر لی، ادھراسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی عدالت نے جیل انتظامیہ کی جانب سے ملاقاتیوں کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت نہ دینے کے معاملہ میں جیل انتظامیہ کی 18 جولائی کے عدالتی آرڈر پر نظر ثانی کی متفرق درخواست کو مرکزی درخواست کے ساتھ یکجا کرتے ہوئے فریقین کو جواب کیلئے نوٹسز جاری کردیئے اور توہین عدالت کے مرکزی کیس کے ساتھ 13 ستمبر کو سماعت کے لیے مقررکردی اور سماعت 13 ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔

علاوہ ازیں بانی پی ٹی آئی پر پنجاب میں کتنے مقدمات درج ہیں، رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی پر پنجاب کے مختلف اضلاع میں 48 مقدمات درج ہیں جبکہ ایف آئی اے میں ایک ،اینٹی کرپشن میں دو اور نیب میں تین انکوائریاں زیر التوا ہیں ۔جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی پر درج مقدمات کی تفصیلات کی درخواست پر سماعت کی دوران سماعت پنجاب پولیس ،اینٹی کرپشن ،ایف آئی اے اور نیب نے رپورٹس جمع کرائی ۔رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی پر لاہور میں پنجاب پولیس کی جانب سے 18،شیخوپورہ میں 7، گوجرانوالہ میں 1، راولپنڈی میں 13، اٹک میں 2 جبکہ فیصل آباد میں 5 سرگودھا اور میانوالی میں ایک ایک مقدمہ درج ہے ۔سرکاری وکیل کے مطابق بانی پی ٹی آئی پر اینٹی کرپشن شیخوپورہ اور ڈی جی خان میں دو انکوائریاں زیر التوا ہیں ۔عدالت نے مزید کارروائی 12 ستمبر تک ملتوی کردی۔انسداد دہشتگری عدالت لاہور نے بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے چار مقدمات میں ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت کی ۔چار مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت پر سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کو دلائل کے لئے طلب کر لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں