سیلاب سے متاثرہ خواتین، بچوں کیساتھ زیادتیوں کا انکشاف
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ،آن لائن،این این آئی ، آئی این پی )سینیٹ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خواتین،بچوں ،بچیوں کے ساتھ زیادتیوں کا انکشاف کیا ہے جس پر ڈپٹی چیئرمین نے معاملہ متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔
سینیٹر ثمینہ ممتار زہری نے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ خواتین کی امداد کے نام پر عزتیں لوٹی جاتی ہیں انہوں نے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے جو فنڈز مختص کئے گئے ہیں وہ کہاں چلے گئے ۔ کمیٹیوں میں افسران جھوٹ بولتے ہیں ایسے افسران کو سزائیں دی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ کمیٹیوں کے پاس جھوٹ بولنے والے افسران کے خلاف کارروائی کا کوئی اختیار نہیں ہوتا ۔ وزیر قانون نے سینیٹ کو بتایا کہ اسلام آباد میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ ایک ہزار بستروں پر مشتمل جناح میڈیکل ٹاور کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے جو پندرہ ارب روپے کی لاگت سے تین سال میں مکمل ہو گا ۔