پی ٹی آئی آج اسلام آباد میں پاور شو کیلئے تیار،سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند
اسلام آباد ،راولپنڈی ،پشاور،لاہور (خبرنگار، اپنے خبر نگار سے ،نمائندگان دنیا )پاکستان تحریک انصاف نے آج اسلام آباد میں سنگجانی کے قریب ہونے والے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں اورپی ٹی آئی رہنما ؤں نے اعلان کیاہے کہ پاور شو کیلئے تیارہیں اور جلسہ ہرصورت ہوگا۔
جلسہ اس بار کسی کی ہدایت پرمنسوخ یا ملتوی نہیں کیا جائے گاجبکہ انتظامیہ نے اسلام آباد کی کئی سڑکوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تحریک انصاف کا جلسہ آج ہوگا، سنگجانی کے قریب ہونے والے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، مرکزی قیادت نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا ۔ تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا حکومت نے جلسے کے ہر صورت انعقاد کیلئے پلان اے ، بی اور سی تیار کرلیا۔ ایمبولینسز،بلڈوزر،کرین اور تمام ضروری مشینری کو گزشتہ روز صوابی پہنچادیاگیا ،وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے ہر رکن قومی و صوبائی اسمبلی کو ایک ہزار سے 2 ہزار کارکنوں کو ساتھ لانے کا ٹاسک دیا ہے ۔ علی امین گنڈا پور نے کے پی کے سے قافلوں کو خود لیڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ورکرز کو لے جانے کیلئے گاڑیوں کا بندوست کیاگیا، بسوں پر بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنمائوں کی تصاویر لگائی گئی ہیں۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے جلسے کی راہ میں آنے والی رکاوٹوں کو ہٹانے کا پورا انتظام کیا ہے ۔
راج کماری نے پنجاب پولیس کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ آج کا سورج عمران خان کی رہائی کی نوید لے کر طلوع ہوگا۔ کارکنوں کو آنسو گیس اور شیلنگ سے بچنے کے لئے پانی، کپڑا ، نمک کے ساتھ دیگر ضروری سامان ساتھ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔ کراچی سے حلیم عادل شیخ کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف سندھ کا قافلہ اسلام آباد کے لئے روانہ ہو گیا۔ مٹیاری چھنڈن موری ، ہالا اورسعیدآباد ٹول پلازہ پر قافلے کو روکنے اور کارکنوں کی گرفتاری کی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم قافلہ تمام رکاوٹیں عبور کرتا ہوا مٹیاری ضلع کی حدود سے گزر گیا۔چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹرگوہر نے کہا اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا پرامن جلسہ ہوگا، یہ لانگ مارچ یا دھرنا نہیں ہوگا، انتظامیہ راستے میں رکاوٹ نہ ڈالے ۔ اسلام آباد میں جلسہ گاہ میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جلسے سے پہلے جلسہ شروع ہوچکا ہے ، ہمارے تمام اتحادی اس میں شریک ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے 2 کارکنوں کو پکڑا گیا، اسلام آباد پولیس سے درخواست ہے کہ یہ جلسہ پرامن ہے ، 2 بجے جلسہ ہوگا، ہمارے کوشش ہوگی کہ وقت پر جلسہ ختم کیا جائے ۔ مختص وقت سے اگر ایک دو گھنٹے زیادہ بھی ہوجاتے ہیں تو انتظامیہ کو تعاون کرنا چا ہئے ۔ان کا کہناتھاکہ آج کا جلسہ عدلیہ کی آزادی کیلئے ہو گا۔اپوزیشن لیڈرعمرایوب نے کہا جلسہ میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے نئی جگہ کا این او سی جاری کیا گیا، جیسے بھی ممکن ہو کارکن پہنچیں ۔ لاہورمیں عدالت میں پیشی کے موقع پرشاہ محمود قریشی نے کہااسلام آباد جلسہ ہرصورت ہوگا،آج ہم دھوپ میں ہیں کل آپ ہوسکتے ہیں۔
اسد قیصر نے کہا ہے کہ آج کا جلسہ صرف جلسہ نہیں ملکی مسائل سے نجات حاصل کرنے کا پلیٹ فارم ہے ۔اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ ملک میں ظلم و جبر اور قیدیوں کی رہائی کا راستہ ہے ،جلسہ کامیاب کر کے ہم یہ ثابت کر دیں آج بھی عوام بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔علی محمد خان کا راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہناتھاکہ آئین کی حکمرانی ہو گی تو بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آئیں گے ،آج کا پی ٹی آئی کا جلسہ پرامن ہوگا یہ ملک بھی ہمارا ہے اور فوج بھی ہماری ہے ،ہمارا سیاسی اختلاف اصولی ہے ۔ آج کے جلسے کیلئے کے پی کے ، پنجاب، گلگت بلتستان اور سندھ سے قافلے نکل چکے ہیں ۔ جلسہ پرامن ہو گا، پرامن رہنا ہے ، اشتعال میں نہیں آنا۔ بانی پی ٹی آ ئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا جلسہ عمران کی رہائی کیلئے نہیں،آزاد عدلیہ کیلئے ہے ، قاضی فائز عیسیٰ نے جو تیسرا یا چوتھا این آر او دے دیا ہے اس پرآج عمران خان خوش نہیں تھے ، وہ کہتے ہیں کہ میں ان کیسز میں کب رعایت مانگ رہا تھا میرے کیسز میں جب کچھ ہے ہی نہیں انہوں نے تو ویسے ہی ختم ہو جانا تھا۔پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے کہا کہ پی ٹی آئی کا جلسہ کامیاب ہوگا ،پاکستان کے عوام بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں ،آج حکومت کا اوڑھا ہوا جمہوریت کا لبادہ اترجائے گا۔
سابق گورنر پنجاب عمرسرفراز چیمہ نے کہاہے کہ پاکستان کے 65 فیصد نوجوان ملک کا مستقبل اور معمار ہیں ،سب نے 8فروری کو اپنا فیصلہ دیاتھا ،آج اسلام آباد جلسے کیلئے نوجوان پھر باہر نکلیں اور اپنے ووٹ کا تحفظ کریں۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ آج کا جلسہ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا ،تمام پابندیوں کے باوجود لاکھوں لوگ اسلام آباد پہنچیں گے ۔ دوسری طرف اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے جلسہ گاہ آنے کا روٹ پلان جاری کردیا ،شرائط کے مطابق جلسے کا آغاز چاربجے اوراختتام شام سات بجے تک کرناہوگا۔ جلسے کے پیش نظر اسلام آباد کی مختلف سڑکوں پر کنٹینرز لگا کر بندکردیا گیاہے ،پی ٹی آئی کے جلسے میں جانے والے افراد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دئیے گئے راستوں کا استعمال کرکے جلسہ گاہ پہنچیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کا کہنا تھا پی ٹی آئی کو جلسے کی مشروط اجازت دی گئی ، خلاف ورزی ہوئی تو جلسے جلوس سے متعلق گزٹ نوٹیفکیشن کا اطلاق ہوجائے گا اور جلسے کا اجازت نامہ منسوخ کردیا جائے گا جس کے بعد جلسہ نہیں کیا جاسکے گا۔ پی ٹی آئی کے ارکان نے اگر طے شدہ نکات کی خلاف ورزی کی تو ان پر سزا کا اطلاق ہوگا، جلسہ دئیے گئے وقت کے مطابق ختم کرنا ہوگا۔