بارش:راول ڈیم سطح 1752فٹ، سپل ویز کھول دیئے گئے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر، آئی این پی) وفاقی دارالحکومت میں مو سلا دھار بارش کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہو کر 1752 فٹ تک پہنچ گئی۔
اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہفتہ کو دوپہر 1 بجے راول ڈیم کے سپل وے کھولے گئے اور اس سے قبل شہریوں کو ندی نالوں کی جانب جانے سے اجتناب کرنے ، نشیبی علاقوں کے مکینوں کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد، ایمرجنسی میں 16 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی، وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ رات آندھی اور طوفان کے باعث مختلف شاہراہوں اور مقامات پر درجنوں درخت گر گئے ، بارش کا پانی کئی مقامات پر کھڑا ہو گیا ، ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے ایم سی آئی کا عملہ نکاسی آب کے اقدامات میں مصروف رہا۔ سری نگر ہائی وے پر گرے درخت ہٹا کر سڑک کلیئر کی گئی۔ انتظامیہ کے مطابق ڈی سی اسلام آباد، اے سیز اور سی ڈی اے عملہ رات گئے فیلڈ میں رہا، ایف نائن پارک کے باہر اور مختلف مقامات سے ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے پانی نکالا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد میں موسم خشک رہے گا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور چند مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے ۔