کفایت شعاری مہم ، حکومت صرف باتیں کرتی:تھنک ٹینک

کفایت شعاری مہم ، حکومت صرف باتیں کرتی:تھنک ٹینک

لاہور (دنیا نیوز )معروف تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری مہم کے حوالے سے صرف حکومت کی باتیں ہیں، میں نے یہ باتیں کئی بار سنی ہیں، یہ نہیں خریدنا،وہ نہیں خریدنا ،ایک کار ہوگی۔

 دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا تھا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ اعلان نہ کریں عملی طور پر اقدام کریں،ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارے افسر بڑی بڑی لمبی گاڑیوں میں پھررہے ہوتے ہیں، اخراجات کم کرنے کے  حوالے سے کمیٹیاں بنی ہیں، تجاویز بھی دی گئیں،اس کے باوجود حکومتیں عمل نہیں کرتیں ۔دنیاکے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف جب پہلی مرتبہ پنجاب کے چیف منسٹر بنے انہوں نے پریس کانفرنس کی وہ ابھی تک مجھے یاد ہے انہوں نے کہا تھا سرکاری افسراور وزرا ایک سے زیادہ گاڑی استعمال نہیں کرینگے اور میں پورے وثوق سے کہتا ہوں کہ ہر وزیر، گریڈ20 اور 21 کے افسرتین سے چار گاڑیاں استعمال کررہے ہیں،اس میں رکاوٹ افسر شاہی ہے ۔ معروف تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا کہ جوکفایت شعاری کے بارے فیصلے ہوئے ہیں اگر حکومت چاہے تو اس پر عمل در آمد کرواسکتی ہے ،کئی ادارے ہیں جہاں پر حکومت سپیشل گریڈ دے کر ان کو ملازمت دے رہی ہے ،مختلف اداروں میں لوگوں کو نوازا جارہا ہے ۔یہ لوگ گریڈ 12اور 15 گریڈ کے نہیں،بندے رکھ کر کہا جاتاہے اس کو 15 لاکھ دے دو، اس کو 20 یا 25 لاکھ دے دو۔ تجزیہ کار رشید صافی کا کہنا تھا کہ تین چار بڑے مافیا ہیں اگر ان پر حکومت ہاتھ ڈالے ، ان کی جیبوں میں ناجائز پیسہ جارہا ہے ، اس کی روک تھا م کی جائے ،جو وہ پیسہ ہڑپ کرچکے ہیں ان کو واپس کیا جائے تو حالات بہتر ہوسکتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں