پی ٹی آئی جلسہ ، عدالت نے کارکنوں کی گرفتاری روک دی
راولپنڈی(خبرنگار) ایڈیشنل سیشن جج راولپنڈی وسیم انجم نے پی ٹی آئی آج8ستمبر جلسے کے پیش نظر کارکنوں کی ممکنہ پکڑ دھکڑ کے خلاف صدر انصاف لائرفورم کی جانب سے دائر درخواست پر کارکنوں کو غیر قانونی طور پر ہراساں کرنے اور گرفتاری سے روکنے کا حکم جاری کرتے ہوئے۔۔۔
راولپنڈی پولیس کو ہدایت کی کہ قانون کی عملداری یقینی بنانے کے ساتھ یہ یقینی بنائے کہ کارکنوں کو ہراساں نہ کیا جائے اور جلسہ گاہ تک رسائی کیلئے مختص راستوں اور مقررہ روٹس پر کوئی رکاوٹ نہ لگائی جائے ۔ عدالت نے قرار دیا کہ پر امن جلسہ کرنا یا اس میں شرکت کرنا آئین اور قانون کے تحت ہر شہری کا حق ہے ۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ راولپنڈی پولیس پی ٹی آئی کے کارکنوں کو ہراساں، چھاپے اور گرفتاریاں کر رہی ہے ، پولیس جھوٹی ایف آئی آر درج کرنے کی دھمکیاں دے کر ڈرا رہی ہے ، عدالت پولیس کو ان اقدامات سے روکے ۔ عدالت نے احکامات جاری کر کے درخواست نمٹا دی۔