اڈیالہ جیل میں وکلا کے داخلے کا معاملہ ،3رکنی لوکل کمیشن قائم

اڈیالہ جیل میں وکلا کے داخلے کا معاملہ ،3رکنی لوکل کمیشن قائم

راولپنڈی (نمائندہ دنیا)اسلام آبادہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو اڈیالہ جیل میں داخلے سے روکنے کیخلاف درخواست میں کہاکہ وکلاء کی شکایات کے حوالے سے جیل انتظامیہ اور وکلاء کے بیانات میں تضاد ہے۔

عدالت نے معاملے کے غیر جانبدار جائزے کیلئے 3 وکلاء پر مشتمل لوکل کمیشن قائم کردیا ،جس میں ذوپاش خان، مبین اعوان اور زوہیب گوندل ایڈووکیٹ شامل ہیں ۔جسٹس سردار اعجاز اسحاق کی عدالت سے جاری تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ہر عدالتی تاریخ پر کوئی ایک کمشنر اڈیالہ جیل جا کر جائزہ لے گا اورجیل، عدالت یا ملزم تک رسائی میں دشواری پیش آنے پر لوکل کمشنر عدالت کو رپورٹ کرے گا ،وکلا کو جیل کے اندرونی دروازے تک گاڑیاں لے جانے کی اجازت ہوگی ،جیل حکام 10 منٹ میں چیکنگ مکمل کرنے کے پابند ہوں گے ،وکلا اور ملزم کی بات چیت پرائیویسی میں ہوگی ،خفیہ آڈیو ریکارڈنگ ڈیوائسز سے متعلق سپرنٹنڈنٹ جیل سے بیان حلفی بھی طلب کیا جائے گا۔ ہائیکورٹ کے حکم پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا ،بیرسٹر ذوپاش نے گزشتہ روز دوران سماعت اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے بات کی اوردوران سماعت اڈیالہ جیل کمرا عدالت کا بھی جائزہ لیا ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں