پی آئی اے کا ای آر پی سسٹم 5 روز بعد بحال
کراچی (آئی این پی ) قومی ائرلائن(پی آئی اے )کے انٹر پرائز ریسورس پلاننگ سسٹم میں 5 دن بعد خرابی دور کردی گئی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق بجلی کی اچانک بندش سے سرور کے ہارڈویئرمیں خرابی ہوئی تھی۔
تاہم آئی ٹی حکام نے فالٹ دورکرکے ای آر پی سسٹم مکمل طور بحال کردیا ہے ۔ قومی ائر لائن کے ای آر پی سسٹم میں مسلسل خرابی کے باعث ڈیجیٹل طورپرانجام دیئے جانے والی تمام دفتری اموررک گئے تھے جبکہ روزمرہ احکامات کے اجرا میں بھی مشکلات کا سامنا تھا۔سسٹم کی خرابی کے باعث فیول سمیت دیگر ادائیگیاں بھی مشکلات کا شکار تھیں جبکہ سب سے زیادہ تکلیف کا شکارمیڈیکل سینٹر آنے والے ملازمین خصوصاً ضعیف العمرریٹائرملازمین رہے ۔ ملازمین کوبیماریوں کے مختلف ٹیسٹ کرانے اور ادویات فراہمی کے لئے ریکوزیشنز متعلقہ اسپتال و اسٹورزکوروانہ کرنے میں دشواری تھی۔