جلسہ ناکام رہا،عمران خان غزہ کے قصائیوں کیساتھ کھڑے،احتساب کا سامنا کرنا پڑیگا:وفاقی وزرا
اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار ،سیاسی رپورٹرسے ،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)وفاقی وزرا نے کہاہے کہ اسلام آباد میں ہونیوالا پی ٹی آئی کا جلسہ ناکام ہوگیاہے ،عمران خان غزہ کے قصائیوں کیساتھ کھڑا ہے ،کچھ بھی کرلیں احتساب کا سامناتو کرنا پڑے گا ۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں ناکام جلسے پر اتنا ہی کہا جا سکتا ہے کہ تبدیلی کا جذبہ، تبدیلی کا جنون، انا للہ و انا الیہ راجعون،عوام نے پی ٹی آئی کے جلسے کو مسترد کر دیا ہے ، پی ٹی آئی جلسے کیلئے جن لاکھوں لوگوں نے نکلنا تھا وہ نظر نہیں آئے ، اسلام آباد سمیت پنجاب میں ٹریفک معمول کے مطابق رہی۔وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی کے جلسے کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلسے کی ناکامی چھپانے کے لیے کوئی اور ویڈیو چلائی جا رہی ہے ، حقیقت بتانی چا ہئے ، اچھا ہوتا کہ ڈرون فوٹیج شیئر کرلیتے ۔ اکیلے اکیلے بیٹھ کر لیڈر آئے ، قافلہ نکلتا تو نظر آتا، پی ٹی آئی کا جلسہ ایسا تھا کہ کھودا پہاڑ اور نکلا چوہا وہ بھی مرا ہوا۔ انہوں نے کہاکہ احتساب ہو کر رہے گا، اگر یہ تاثر قائم کرنا چاہتے ہیں کہ جلسہ کر کے این آر او لیا جائے گا تو یہ ہر گز نہیں ہوگا، جلسے کے شرکا نے پولیس پر پتھراؤ کیا، تحریک انصاف کا ٹریک ریکارڈ ہے کہ یہ پُرامن نہیں رہ سکتے ۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے روٹ کی خلاف روزی کی ، جلسے کی ناکامی کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی نے بدنظمی کی۔ وزیراعظم کے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو ’’اسرائیلی سیاسی برانڈ‘‘قرار دے دیا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اسرائیل ٹائمز نے پاکستان میں ’’انقلاب‘‘اور’’تبدیلی‘‘لانے کی حقیقت کھول دی ، اس انکشاف کے بعد 9 مئی کی منصوبہ سازی اور حملوں کی وجوہات مزید واضح ہو گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’فارن فنڈنگ‘‘ اور ’’سماجی خدمت‘‘ ایک پلاننگ کا حصہ تھی جس کا مقصد پاکستان کی اسلامی، نظریاتی سوچ اور خارجہ پالیسی کو بدلنا تھا۔
پاکستان کو جوہری ملک بنانے ، سی پیک لانے اور معاشی ترقی کو تاریخ کی بلند ترین سطح پرلے جانے والے نواز شریف کو اقتدار سے نکالنے کی پوری کہانی اسرائیلی اخبار کے مضمون کو پڑھ کر سمجھ آ جاتی ہے ۔ان کا کہناتھاکہ اسرائیل نے عمران نیازی جیسے مہرے کے حق میں بیان کیوں دیا تھا، امریکی کانگریس سے قرارداد کیوں منظور ہوئی تھی۔ان کا کہناتھاکہ پی ٹی آئی قیادت نے انارکی پھیلانے والی تقاریر کیں ، اگر اداروں کو اپنی حدود میں رہنا چا ہئے تو کیا سیاسی جماعتوں کو نہیں رہنا چاہیے ؟ ، اب یہ کہتے ہیں کہ لاہور میں جلسہ کریں گے ، یہ آئیں لاہور اور اٹک برج کراس کر کے دکھائیں،علی امین گنڈاپور 2 نمبر آدمی ہے ، انکا ڈبل چہرہ ہے ، جس لہجے میں انہوں نے کہا کہ میں لاہور آرہا ہوں، اسی لہجے میں جواب دیں گے ،کون سی سیاست ہے جو یہ کرنا چاہتے ہیں، یہ افراتفری اور انارکی چاہتے ہیں۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ اسرائیل کئی دہائیوں سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حمایت کر رہا ہے ۔اپنے بیان میں وزیر دفاع نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے اسرائیل کی حمایت کا سلسلہ 90 کی دہائی سے جاری ہے ، بانی پی ٹی آئی نے ایک یہودی کی انتخابی مہم چلائی تھی۔ اسرائیلی میڈیا بانی پی ٹی آئی کے حق میں لکھ رہا ہے ، اسرائیلی میڈیا میں یہ بات سامنے آگئی ہے کہ اسرائیل نے ان کو سیاسی طور پر گود لیا ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان آج بھی غزہ کے قصائیوں کے ساتھ کھڑا ہے ، یہ آج بھی ان کے خلاف بیان نہیں دیتا۔
خواجہ آصف نے علی امین گنڈاپور کے خطاب پر ردعمل میں کہا کہ بنگلہ دیش کا حوالہ دینا اور لشکر لیکرپنجاب پرحملہ آور ہونے کی دھمکی اس شخص نے دی جس سے اپنے حلقے میں امن قائم نہیں ہوسکتا ،اگراس کے پاس اتنے لشکر ہیں تو دہشتگردی کنٹرول کرلے یامانے کہ یہ دہشت گردوں کے حلیف ہیں۔ان کاکہناتھاکہ اپنے الفاظ پر قائم رہنا 15 دن میں اپنے لیڈر کو رہا کرانا۔ تقریرمیں یہ بھی بتاناتھاکہ پہلی بار شہبازشریف کو ملنے کس کی ہدایت پر آئے تھے ، جلسے میں رنگ بازی کرتے ہو۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسرائیل کہہ رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ہمارے پاکستان سے تعلقات ٹھیک کرسکتا ہے ،20 سال پہلے ڈاکٹر اسرار اور حکیم سعید کی بانی پی ٹی آئی کے بارے میں رائے درست ثابت ہو رہی ہے ،بانی پی ٹی آئی کو جو سہنا پڑ رہا ہے وہ انکے کرتوتوں کا صلہ ہے ۔ وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے پاس ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے اور دفاعی تنصیبات پر حملوں کا ٹریک ریکارڈ موجود ہے ،قیادت وفاقی دارالحکومت پر حملے کی دھمکیاں دے رہی ہے ۔ ملک میں انارکی کے ٹریک ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے اسلام آباد میں حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے ۔ سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف منصوبہ بندی کر کے حملہ کرنے کے جرم کی کوئی معافی نہیں ،این آر او کی بھیک مانگنے والا چاہے جلسی کرے ، روئے پیٹے یا چیخے ، سزا تو ملے گی۔