پنجاب اسمبلی: لاہور جمخانہ کے کرایہ کا ازسر نو تعین کرنے کیلئے پارلیمانی کمیٹی قائم

پنجاب اسمبلی: لاہور جمخانہ کے کرایہ کا ازسر نو تعین کرنے کیلئے پارلیمانی کمیٹی قائم

لاہور(سیاسی رپورٹر سے)پنجاب اسمبلی کا ایوان لاہور جمخانہ کلب کو صرف 417 روپے ماہانہ پر لیز پردینے کیخلا ف ایک ہوگیا، وزیر خزانہ بھی دفاع کرنے میں ناکام ہوگئے اور سپیکر ملک محمد احمد خان نے از سر نو کرایہ کے تعین کے لئے پارلیمانی کمیٹی قائم کر دی، ملک میں کھیلوں کی صورتحال پر سپیکر برہم دکھائی دئیے، بولے ارشد ندیم نے لاج رکھ لی وگرنہ کھیلوں کی صورتحال کچھ نہیں، کچے کا معاملہ بھی گزشتہ روز ایوان میں زیر بحث رہا۔

سپیکر ملک محمد احمد خان کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں لاہور جمخانہ کلب کو 417روپے ماہانہ لیز پر دینے کے معاملے پر حکومت اوراپوزیشن کے ارکان ایک پیج پر نظر آئے اور لیز پر کڑی تنقید کی ۔سپیکر ملک محمد احمد خان اشرافیہ پر برس پڑے ، لاہور جمخانہ کلب کی ممبر شپ لینے سے انکار کر دیا۔ سپیکر نے کہاکہ جمخانہ کوپانچ ہزار روپے پر سرکاری زمین سالانہ ٹھیکے پر دے رکھی ہے ، جس کی اربوں روپے قیمت ہے ،مجتبیٰ شجاع الرحمن کاکہناتھاکہ 1913 میں جمخانہ کلب کو سولہ سو روپے ٹھیکے روپے پر دیا گیا، وزیرخزانہ نے بتایا کہ پورے پنجاب میں جو جمخانہ کلب بن رہے ہیں وہ صوبائی کابینہ کی منظوری سے بن رہے ہیں۔ امن امان کی صورتحال پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے اپوزیشن رکن رانا آفتاب احمد خان نے حکومت اور محکمہ پولیس پر سخت تنقید کی اور کہا کہ صوبہ میں کون سا پولیس آفیسر ہے جس کا بچہ ایچی سن میں نہیں پڑھ رہا،پولیس آفیسر کلبوں کی فیس کہاں سے دے رہے ہیں، ڈیفنس میں رہائش گاہ بنا رہے ہیں، دس بارہ گارڈز کو ساتھ لے کر چلتے ہیں، عوام کی کون حفاظت کرے گا، خدارا نو مئی کی جان چھوڑ دیں ،جلسہ ہونے دیں دو لاکھ یا پانچ لاکھ لوگ آ جائیں گے تو کیا فرق پڑیگا، امن و امان کے نام پر لوگوں کے دلوں میں نفرت ڈال رہے ہیں۔ سپیکر ملک محمد احمد خان محکمہ سپورٹس میں سیاسی عہدوں پر تعینات سیاستدانوں کی بھرتیوں پر غصہ میں آگئے، ملک محمد احمد خا ں نے کہاکہ ارشد ندیم نے جولین پھینکی تو عزت بچ گئی، کھیل کی ہر ایسوسی ایشن سیاست کے آماجگاہ بنی ہوئی ہے ، حکومتی رکن سمیع اللہ خان نے رولز معطل کی قرارداد پیش کی ،سپیکر نے رولز اینڈ پروسیجر آف پنجاب اسمبلی میں کچھ ترامیم کے لئے ارکان سے رائے مانگ لی، سپیکر کاکہناتھاکہ اٹھارہویں ترمیم اور بارہ سال بعد ہم رولز میں ترامیم کریں گے تاکہ آئینی سقم کو ختم کیا جا سکے، گرفتار اپوزیشن رکن امتیاز شیخ پروڈکشن آرڈر پر ایوان میں آئے تو اپوزیشن ارکان نے نعرے بازی کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں