گنڈاپور نے ناکام جلسے کا غصہ فوج اور مریم پر اتارا:عطاتارڑ

گنڈاپور نے ناکام جلسے کا غصہ فوج اور مریم پر اتارا:عطاتارڑ

اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار،سیاسی رپورٹر سے)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں اندھیر نگری چوپٹ راج جیسا قانون رائج ہے، کمیشن مافیا سرگرم ہے، ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ اوردہشت گردوں کا سر کچلنے کی روز بات کرتے ہیں۔۔۔

 لیکن وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا دہشت گردوں پر بات کرنے کی بجائے سٹیج پر چڑھ کر ایک خاتون کو للکارتا ہے، پختون قوم روایات کی امین ہے، ماں، بہن، بیٹی کے احترام کی پختون روایات صدیوں پر محیط ہیں، جلسے میں جو زبان استعمال کی وہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے عہدے کی توہین ہے۔ سرکاری وسائل کے باوجود یہ جلسہ گاہ نہیں بھر سکے، علی امین گنڈا پور دو گھنٹے اس لئے لیٹ آئے کیونکہ وہ جانتے تھے کہ دن کی روشنی میں پہنچے تو وہ بے نقاب ہو جائیں گے، انہوں نے ناکام جلسے کا غصہ مریم نواز اور اداروں پر نکالا۔ عطاتارڑ نے وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفران انجینئر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے پختون روایات کے برعکس خواتین کے خلاف بھونڈی زبان استعمال کی۔ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ بدمعاش غنڈے اور سڑک چھاپ اپنے گھروں میں اپنی بہنوں سے اسی طرح مخاطب ہوتے ہیں، عمران خان نے اِس طرح کے لوگوں کو پروان چڑھایا ہے۔ پنجاب کے وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ کے پی وزیراعلیٰ کی گفتگو انتشار پر مبنی گفتگو تھی ۔مسلم لیگ ن کے ایم پی اے رانا محمدارشد نے پی ٹی آئی کے جلسہ کو ناکام قراردیتے ہوئے خوشی میں پنجاب اسمبلی میں مٹھائی تقسیم کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں