پاور سیکٹر :رواں سال گردشی قرض مزید 100 ارب بڑھے گا:پلان IMFکیساتھ شیئر

پاور سیکٹر :رواں سال گردشی  قرض مزید 100 ارب بڑھے  گا:پلان IMFکیساتھ شیئر

اسلام آباد(نمائندہ دنیا)بارہا دعوؤں، اقدامات اور سخت فیصلوں کے باوجود پاور سیکٹر کا گردشی قرض تھمنے کانام نہیں لے رہا، ہر سال بجلی شعبے کا گردشی قرضہ بڑھ رہا ہے ۔

باوثوق ذرائع نے دنیا نیوز کو بتایا کہ رواں مالی سال کے اختتام تک پاور سیکٹر کے گردشی قرض میں 100 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہو گا ،مجموعی طور پر گردشی قرضہ کا سٹاک2550ارب روپے تک پہنچ سکتا ہے ، یہ پلان آئی ایم ایف کو بھی شیئر کیا گیا ہے ، عالمی مالیاتی فنڈ نے گردشی قرض میں اضافے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ، پاکستان نے پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ کنٹرول کرنے کیلئے ٹیرف ایڈجسٹمنٹس بروقت کرنے کی یقین دہانی پھر سے کروا دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی شعبے کا گردشی قرضہ 25 سو ارب روپے سے تجاوز نہ ہو ۔ گزشتہ مالی سال کے دوران بھی آئی ایم ایف کیساتھ شیئر پلان کے مطابق پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ کنٹرول نہیں ہوا جبکہ گزشتہ مالی سال کی شرائط کے مطابق پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 2310 ارب پر کنٹرول کرنا تھا جو تقریبا ً24 سو ارب روپے تک پہنچ گیا تھا ، آئی ایم ایف شرائط کے مطابق گردشی قرضہ کنٹرول نہ ہوا تو قرض معاہدے کی خلاف ورزی ہو گی اور پاکستان کو مزید سخت اقدامات اور شرائط کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں