عوام کے اعتماد کی بحالی تک آگے نہیں بڑھ سکیں گے :وزیر خزانہ
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ)وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ جب تک عوام کا اعتماد بحال نہیں ہوگا ہم آگے نہیں بڑھ سکیں گے ، پرائیویٹ سیکٹر کو آگے بڑھ کر ملک کو لیڈ کرنا ہوگا۔
اگر ملک میں ٹیکسیشن اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی جائیں اور حکومتی اداروں کی نجکاری کی جائے تو ہمیں مستقبل میں آئی ایم ایف کے پاس نہیں جانا پڑے گا۔ ملک خیرات پر نہیں چل سکتا، اس کے لیے ٹیکس ادا کرنا ہوں گے ۔ سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہاکہ اس ایوان کو ملک کی معاشی کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کرونگا۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں دو ماہ کیلئے درآمدات کے ذخائر موجود ہیں ، حکومت کو معاشی ڈسپلن بڑھانا ہوگا جب ہمارے خرچے کم ہونگے تو مسائل کم ہونگے ۔ پی ٹی آئی سینیٹرز نے جلسے کے موقع پر اسلام آباد وراولپنڈی کے داخلی وخار جی رستے بند کئے جانے پر سینیٹ میں احتجاج ،شور شرابا کیا اور ڈیسک بجائے ، اپوزیشن کے شورشرابے میں حکومتی ارکان بلز پیش کرتے رہے ۔ سینیٹ کا اجلا س پریذائیڈنگ آفیسر شیری رحمن کی زیر صدارت ہوا ۔ اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا کہ موجودہ حکومت جوقوانین منظور کرائے جارہی ہے کل اسے بھی ان کا سامنا کرنا پڑے گا ۔فسطائی قوانین جمہوریت کیلئے فائدہ مند نہیں ۔ہم سیاسی لوگ ہیں سیاست کے ذریعے آتے ہیں، 2018اور 2024 کے انتخابات پرجوڈیشل کمیشن بنایا جائے ۔ جب کہ ہم نے راستے بند ہونے کے باوجود لاکھوں کا جلسہ کیا۔سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے کہاکہ ہم نے نئے قانون سے انتظامیہ کی صوابدید کو نکیل ڈالی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہرمیں کنٹینرز کی بھر مار افسوسناک ہے ۔ میں کوشش کرتا ہوں میری زبان سے ایسی بات نہ نکلے جس سے دوسروں کی دل آزاری ہو ۔علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ میرے گھر سے ملحقہ گلیوں تک کو کنٹینرز کے ذریعے بند کردیا گیا۔