توشہ خانہ ٹو ریفرنس :سپیشل سنٹرل عدالت میں 16 ستمبر کو سماعت

 توشہ خانہ ٹو ریفرنس :سپیشل سنٹرل عدالت میں 16 ستمبر کو سماعت

اسلام آباد،راولپنڈی، لاہور (اپنے نامہ نگارسے ، خبر نگار، اپنے خبر نگار سے )سپیشل جج سنٹرل عدالت کے ڈیوٹی جج ہمایوں دلاور نے عمران خان اور بشری ٰبی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس16ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے ملزموں کو طلبی کے نوٹس جاری کردیئے۔

گزشتہ روز احتساب عدالت سے ریفرنس کی منتقلی کے بعدجج امجد رانجھا کی رخصت کے باعث ڈیوٹی جج ہمایوں دلاور نے سماعت کی ،عدالت کے استفسار پر وکیل صفائی سلمان صفدر سے نے کہا مجھے آپ کے پاس بھیجا گیا ہے کچھ کہنا چاہوں گا،جج ہمایوں دلاور نے کہا میں سن نہیں سکتا 16 ستمبر کیلئے فکس کر رہا ہوں۔ادھر سول جج یاسر چودھری نے بانی پی ٹی آئی اور شیخ رشید احمدکے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج مقدمے میں بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جبکہ شیخ رشید احمد کے خلاف  آصف علی زرداری پر بانی پی ٹی آئی کو قتل کرنے کا الزام لگانے پر درج مقدمہ کی سماعت 14اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔ اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کے مالیاتی سکینڈل پر مبنی القادر ٹرسٹ ریفرنس کی سماعت ملزموں کے وکلا کی عدم حاضری پر 12 ستمبر تک ملتوی کر دی،ملزموں کے سینئر وکلا عثمان گل اور ظہیر عباس لاہور ہائیکورٹ میں مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوسکے جس پر ریفرنس کے آخری گواہ میاں عمر ندیم پر جرح نہ ہو سکی ۔ نیب کی پراسیکیوشن ٹیم نے التوا کی مخالفت میں موقف اختیار کیا کہ ملزموں کے وکلا تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں ۔انسداد دہشتگری عدالت لاہور نے بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کر دی اورچار ضمانتوں پر پراسیکیوشن سے دلائل طلب کر لئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں