شہباز شریف سے بلاول کی ملاقات ،مشاورت،پیپلز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی:وزیراعظم
اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرِ اعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملاقات کی ،جس میں سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا پیپلزپارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے ، تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اور بلاول بھٹو کے درمیان ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا، پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومتی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی اور حکومتی پالیسیوں و اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا جس کا وزیرِ اعظم نے خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہناتھا پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومت کا ہر اقدام میں ساتھ دیا ۔وزیر اعظم نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمنٹ میں دی گئی تجویز \"چارٹر آف پارلیمنٹ\" کو سراہا اور اس بات کا اظہار کیا کہ اس سے جمہوریت اور پارلیمنٹ مزید مضبوط ہوں گے ۔ پیپلز پارٹی کے ملاقات کرنے والے وفد میں سید نوید قمر اور مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب شامل تھے ،جبکہ نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور اٹارنی جنرل بھی موقع پر موجود تھے ۔