اسمبلی ، سینیٹ ارکان ایک ایس ایچ او کی مار ہیں :شاہد عباسی

اسمبلی ، سینیٹ ارکان ایک ایس ایچ او کی مار ہیں :شاہد عباسی

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے ،دنیا نیوز ) چیئرمین عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم اور قومی اسمبلی، سینیٹ کے ممبران ایک ایس ایچ او کی مار ہیں،ملک کی بدقسمتی ہے کہ نام نہاد جمہوری حکومت کے ہوتے ہوئے کالے قوانین بنائے جا رہے ہیں جو مارشل لا کے بدترین دور میں بھی نہیں تھے ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایک جلسے کے لیے حکومت اپوزیشن سے خائف ہو کر اندھے اور کالے قانون بنا رہی ہے ، آپ نے اسلام آباد میں عوام کے فری اسمبلی کے آئینی حق کو ختم کردیا ۔ان کا کہنا تھا کہ دارالحکومت میں جمہوریت نہیں آمریت ہے ، ہم اور قومی اسمبلی، سینیٹ کے ممبران ایک ایس ایچ او کی مار ہیں، تمام سیاسی جماعتیں مل کر اپنے حق کو اس قانون کے تابع کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 8 ستمبر کو ایک سیاسی جماعت کو جلسہ کی اجازت ملی،اس جلسہ سے پہلے ، اس کے دوران اور اس کے بعد جو ہوا وہ اس ملک کی آج کی سیاسی روایات کی عکاسی کرتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جلسہ کے دوران جو تقاریر ہوئیں ، اس میں عوام کی بات کسی نے بھی نہیں کی، پورے جلسے کے دوران صرف ایک دوسرے پر الزامات اور گالم گلوچ کی گئی، جو الفاظ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے استعمال کیے وہ کسی کو زیب نہیں دیتے ، ان کی مذمت نہ ہو تو جمہوریت کا حق ادا نہیں ہوتا۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جب آپ ایک ذمہ دار آئینی عہدے پر ہوں تو جو بھی لفظ آپ بولتے ہیں وہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں