عزیز بھٹی کا یوم شہادت منایا گیا ، صدر، وزیراعظم کا خراج عقیدت

 عزیز بھٹی کا یوم شہادت منایا گیا ، صدر، وزیراعظم کا خراج عقیدت

اسلام آباد،گجرات (نامہ نگار،آئی این پی )جنگ ستمبر 1965 کے ہیرو اورمسلح افواج کاسب سے بڑا نشان حیدر کا اعزاز حاصل کرنے والے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 59واں یوم شہادت ملی جوش وجذبے سے منایا گیا ۔

 صدر آصف زرداری ،وزیر اعظم شہبازشریف اور پاک فوج نے زبرست خراج عقیدت پیش کیا۔گجرات میں میجر عزیز بھٹی کے مزار پر تقریب میں   میجر جنرل شمریز نے پھول رکھے ، فاتحہ خوانی کی اور سلامی دی گئی۔ ملک بھرکی مساجد میں شہید کے درجات کی بلندی اورملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔عزیز بھٹی نے 12ستمبر65 کو پاک بھارت جنگ میں لاہور کے محاذ پر جام شہادت نوش کیا۔صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پوری قوم راجہ عزیز بھٹی کی 65 کی جنگ میں بے مثال قربانی اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے ، انہوں نے دشمن کا جواں مردی سے ڈٹ کر مقابلہ کیا، انکی لازوال قربانی روشن مثال ہے ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے پیغام میں کہا عزیز بھٹی شہید دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، لاہور پر شب خون مار کر قبضہ کرنے کا خواب دیکھنے والے دشمن کو انکے غیر متزلزل عزم نے بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ وہ جرات و بہادری کا نشان بن کر عددی برتری کے نشے میں چور دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند ڈٹ کر کھڑے رہے ، دشمن سے لڑنے کا جذبہ اور انکی فرض شناسی نسل نو کیلئے قابل تقلید مثال ہے ۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے پیغام میں کہا عزیز بھٹی شہید نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرکے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ یوم شہادت پرچیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور پاک فوج نے بھی میجر عزیز بھٹی شہید کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق میجر عزیز بھٹی کی فرض شناسی، غیر متزلزل عزم اور عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مسلح افواج میجر عزیز بھٹی کو سلام پیش کرتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں