پاکستان اور اے ڈی بی میں 72 کروڑ ڈالر کے 2 معاہدے
اسلام آباد(نامہ نگار)پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان سیلاب سے تباہ حال علاقوں کی بحالی سے متعلق 72 کروڑ ڈالرز کے دو منصوبوں پر دستخط ہوئے۔۔۔
جہاں بینک 40 کروڑ ڈالرز سندھ ایمرجنسی ہاؤسنگ ری کنسٹرکشن پراجیکٹ اور 32 کروڑ ڈالرز خیبرپختونخوا کے دیہی روڈز ڈویلپمنٹ منصوبے کیلئے دے گا جبکہ وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں ختم کر رہی ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف اور صدر ایشیائی ترقیاتی بینک مساتسوگو آساکاوا نے سندھ ایمرجنسی ہاؤسنگ ری کنسٹرکشن پراجیکٹ اور خیبرپختونخوا دیہی روڈز ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے حوالے سے مسودے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔قبل ازیں مساتسوگو آساکاوا نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس میں شہبازشریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کا کہناتھاکہ وہ اصلاحات کی پیشرفت کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں تاکہ انکے کامیاب نفاذ اور طویل مدتی اثرات کو یقینی بنایا جا سکے جو کہ پائیدار اقتصادی ترقی اور استحکام کیلئے ضروری ہیں۔
دریں اثناوزیر اعظم سے عالمی شہرت یافتہ پٹرولیم کمپنی گنور کے چیئرمین توربیون تورنقوسٹ اور ٹوٹل انرجیز کے ریجنل وائس پریزیڈنٹ مہمت جیلیپوعلو نے ملاقات کی ۔ وزیرِ اعظم نے گنور گروپ کے چیئرمین کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کرتے کہاکہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو کر ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے تیزی سے اصلاحات جاری ہیں۔ہماری معاشی و کاروباری پالیسیوں کے مثبت ثمرات کا سلسلہ جاری ہے ۔چیئرمین گنور گروپ نے پاکستان کے پٹرولیم سیکٹر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا،گنور گروپ ٹوٹل پارکو کے 50 فیصد حصص کا معاہدہ کر چکا ہے۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو گنور گروپ کوسرمایہ کاری کیلئے ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔