عید میلادالنبیؐ ، آج گلیاں، بازار سج گئے، چراغاں، درود و سلام کی صدائیں
اسلام آباد ،لاہور(نامہ نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں)ملک بھر میں عید میلادالنبیؐ آج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی،ہر سو درود و سلام کی صدائیں آنے لگیں۔
حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ،تمام مالیاتی ادارے ،بینک، چیمبرز،سٹاک مارکیٹس بھی بند رہیں گی، اس دن کی مناسبت سے سیرت النبیؐ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائے گا، ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے ۔آمد مصطفیؐ کی خوشی میں ملک بھر میں گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے ، کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے لگائے گئے ہیں۔عاشقان رسول خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ کے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں۔آمد رسول ؐکی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس کے شرکا سارے راستے درود پاک کا ورد کریں گے ، جشن عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پوری قوم کو 12 ربیع الاول کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپؐ رہتی دنیا تک انسانیت کیلئے ہدایت کا سرچشمہ ہیں ۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ پوری امت مسلمہ، بالخصوص پاکستانی عوام کو نبی آخرالزماں حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت کی نسبت سے عید میلاد النبیؐ بہت بہت مبارک ہو ۔حضرت محمد ؐ کی مبارک زندگی، ان کی سیرت طیبہ اور کردار ہمارے لئے ایک ایسی مشعل راہ ہے جس کی روشنی رہتی دنیا تک ہر انسان کی زندگی کیلئے ہدایت کا ذریعہ رہے گی۔