پی ٹی آئی احتجاج سے آئینی ترامیم پر اثر اندازہونا چاہتی ، تھنک ٹینک

پی ٹی آئی احتجاج سے آئینی ترامیم پر اثر اندازہونا چاہتی ، تھنک ٹینک

لاہور ( دنیا نیوز )دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا ہے کہ کسی بھی جماعت کواحتجاجی مظاہرے کرنے کا حق ہے ،اس کا مقصد حکومت پر پریشر بڑھانا ہوتاہے۔

تاکہ حکومت انکے مطالبات تسلیم کرے وہ ان کی آواز بن سکیں،دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’میں میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان غنی نے کہا ہے کہ حکومت اس بات سے ڈرتی ہے کہ 9 مئی والا واقعہ دوبار ہ نہ ہوجائے ،پی ٹی آئی اپنے احتجاج سے آئینی ترامیم کے بل پر اثر اندازہونا چاہتی ہے ،علی امین گنڈاپورنے جو دھمکیاں دی ہیں وہ دھمکیاں دے کربانی پی ٹی آئی کے آگے سرخروہونا چاہتاہے ۔ تجزیہ کار زاہد حسین نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپورنے جو الفاظ استعمال کئے ہیں کوئی بھی ان سے اتفاق نہیں کرے گا،علی امین گنڈاپور کو ایسا طرز عمل اختیار نہیں کرنا چاہئے تھا،حکومت نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد، لاہور میں جلسہ نہیں کرنے دیا، سخت شرائط لگادیں، وقت بھی کم دیا تھا،جب سارے راستے بندہوں گے تو تشددوالا راستہ کھلے گا۔ تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا کہ علی امین گنڈاپورنے جو کہا ہے اس میں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ، وہ انقلا ب نہیں لاسکتے ،نہ ہی پاکستان میں انقلاب آنا ہے ،جوانقلاب کی بات کرتا ہے اس کا مطلب ہے اس نے کچھ نہیں کرنا،جو کشیدگی اور تنائو کی صورتحال ہے اس کے نتائج پاکستان کی عوام کیلئے اور معیشت کیلئے خطرنا ک ہوں گے ۔ تجزیہ کار رشید صافی کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپورنے واضح الفاظ میں دھمکی دی ہے ،انقلاب کا یہ طریقہ نہیں ہے نہ ہم اس کو سیاسی تحریک کہہ سکتے ہیں، اب ایک صوبے کا وزیر اعلیٰ ہر ہفتے جتھے لے کر ایک دوسرے صوبے پر حملہ آور ہوتا ہے تو اس سے کیا پیغام جا ئے گا ؟،کیا وہ ریاست سے ٹکرائو چاہتاہے ؟۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں