پاکستان،عمان مذہبی ہم آہنگی کیلئے ملکر کام کریں:سالک
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چودھری سالک حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان اور عمان کو بین المذاہب اور بین الثقافتی مکالمے کے ذریعے دنیا میں مذہبی ہم آہنگی، امن اور برداشت کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے ، آج مسلم ممالک جن چیلنجزاور حالات سے گزررہے ہیں۔
اس میں ضرورت اس بات کی ہے کہ مذہبی ہم آہنگی ،رواداری اور وحدت کو فروغ دیا جائے ، دنیا میں قیام امن کیلئے مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اشد ضرورت ہے ، برداشت اور احترام کا رویہ اسلام کی تعلیمات کا لازمی جزو ہے ، انہوں نے یہ بات تین روزہ دورہ عمان کے دوران عمان کے وزیر اوقاف و مذہبی امور محمد بن سعید بن خلفان المامری کے ساتھ ایک ملاقات میں کہی، چودھری سالک حسین نے کہا کہ کہ عالم اسلام کو اتحاد و وحدت کی اشد ضرورت ہے ۔ ملاقات میں انتہا پسندی و شدت پسندی کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر ایک دوسرے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ،علاوہ ازیں چودھری سالک نے عمان کے مفتی اعظم کے معاون خصوصی شیخ ڈاکٹر کہلان الخلوسی سے ملاقات کے دوران امن کے فروغ کے لیے باہمی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا، ملاقات میں قیام امن، تعلیم،مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔