ایک صوبے کا مولا جٹ روز دھمکیاں دیتا ہے :عظمیٰ بخاری

 ایک صوبے کا مولا جٹ روز دھمکیاں دیتا ہے :عظمیٰ بخاری

لاہور(اے پی پی )نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز غلام صغیر شاہد کی جانب سے صحافیوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری اور سیکرٹری انفارمیشن سید طاہر رضا ہمدانی نے خصوصی شرکت کی۔

 بیٹ رپورٹرز، بیورو چیفس، کالم نگار اور نیوز ایڈیٹرز ظہرانے میں مدعو تھے ۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات عظمٰی بخاری نے کہا پنجاب میں کام ہو رہا ہے اور عوام کو ریلیف مل رہا ہے ،وزیراعلٰی مریم نواز ہر روز مسائل  کے حل کے لئے گھنٹوں میٹنگز کرتی ہیں۔ پنجاب حکومت کی کارکردگی آپ سب کے سامنے ہے اس لئے پنجاب کے لوگ فتنہ پارٹی کی فتنہ گردی کا حصہ نہیں بنتے ۔ انہوں نے کہا ایک صوبے کا مولا جٹ ہر روز فیڈریشن پر چڑھائی کرنے کی دھمکیاں دیتا ہے ۔ ہم چاہتے ہیں خیبر پختونخواکے لوگوں کو بھی بجلی کے بلوں میں ریلیف ملے ،جس طرح پنجاب کے بچوں کو لیپ ٹاپس، سکالرشپس اور الیکٹرک بائیکس مل رہی ہیں اسی طرح خیبر پختونخوا کے بچوں کو بھی یہ سب کچھ ملے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا میڈیا کی ادائیگیوں کا سلسلہ بڑی تیزی سے جاری ہے ۔ ہم ادائیگیوں کا سلسلہ ماہانہ کی بنیاد پر کرنے کا  طریقہ کار وضع کر رہے ہیں ،وزیراعلیٰ جلد ڈی جی پی آر کا دورہ کریں گی۔ سیکرٹری انفارمیشن سید رضا ہمدانی کا کہنا تھا صحافیوں کے مسائل حل کرنا ہماری پہلی ترجیح ہے ۔ میرے دروازے صحافیوں کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں۔ صحافی کالونی کے مسائل ہوں یا صحافیوں کی گرانٹ کے ، انکے حل کو ترجیح دی جائے گی۔ڈی جی پی آر غلام صغیر شاہد نے کہا وزیر اطلاعات نے جو ٹاسک دئیے ہیں انکو جلد از جلد پورا کریں گے ۔ وزیراعلٰی کے ویژن کے مطابق محکمہ اطلاعات کو چلایا جارہا ہے ،ہم نے آتے ہی میڈیا کے التوا شدہ بقایاجات میں سے 20 کروڑ ادا کئے ہیں باقی ادائیگیاں آنے والے دنوں میں کردی جائیں گی۔دریں اثنا لاہور ہائی کورٹ میں پیشی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عظمٰی بخاری نے کہا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پاکستان میں پیسہ تو بنا رہے ہیں مگر کسی کو جوابدہ نہیں ہیں۔ اگر سوشل میڈیا ایپس ریگولیٹ نہیں ہو سکتیں تو ان کو بند کر دینا چاہیے ۔مجھے ڈھائی تین ماہ کی لڑائی کے بعد بھی ابھی تک ریلیف نہیں ملا۔ ایف آئی اے کے لوگ آکر رونا روتے ہیں کہ سوشل میڈیا ایپس کو پوچھنا ہماری کپیسٹی نہیں ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں