جوہرٹاؤن:شاہراہ میں پھر شگاف،گاڑی،موٹرسائیکل گر گئے

جوہرٹاؤن:شاہراہ میں پھر شگاف،گاڑی،موٹرسائیکل گر گئے

لاہور (سٹاف رپورٹر سے ) جوہر ٹاؤن کی مرکزی شاہراہ میں ایک مرتبہ پھر گہرا شگاف پڑ گیا جس میں گاڑی اور موٹر سائیکل گر گئے۔

گاڑی کئی گھنٹے تک شگاف میں پھنسی رہی ،مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک شدید جام ،گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگی رہیں،شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیل کے مطابق جوہر ٹاؤن میں ایل ڈی اے دفتر کے سامنے سیوریج لائن ٹوٹنے کی وجہ سے ایک بار پھر سڑک بیٹھ گئی، گاڑی اور موٹر سائیکل شگاف میں جا گرے ، موٹرسائیکل سوار2نوجوان زخمی ہوگئے ۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب خیابانِ فردوسی کی سڑک میں اچانک ایک بڑا شگاف نمودار ہوا ۔عینی شاہدین کا کہنا تھا نوجوان سڑک پر تیز رفتاری سے گزر رہے تھے کہ سڑک کا کچھ حصہ اچانک بیٹھ گیا اور بعد ازاں گاڑی بھی اس گڑھے میں جاگری۔ رات گئے تک گاڑی گڑھے میں ہی رہی۔علاقہ مکینوں نے ایل ڈی اے اور واسا کی جانب سے سڑک کی ناقص تعمیر پر تشویش کا اظہار کیا ۔واضح رہے مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن پر گزشتہ5برس میں15مرتبہ شگاف پڑ چکے ہیں جس سے لوگوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔ ماضی میں بھی جوہر ٹاؤن مین بلیوارڈ میں شگاف پڑنے سے ایک گاڑی اس میں گر گئی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں